عمران بارے حکومت بیمار ذہنیت کا مظاہرہ کر رہی : پرویز الٰہی

عمران بارے حکومت بیمار ذہنیت  کا مظاہرہ کر رہی : پرویز الٰہی

گجرات(این این آئی)پی ٹی آئی کے مرکزی صدر چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کیساتھ زیادتی ہورہی ہے، ان سے بہنوں کی ملاقاتوں پر مسلسل پابندی پر سخت تشویش ہے۔۔۔

پوری دنیا جان چکی عمران خان کی ایک آنکھ کی بینائی حکومت کی دانستہ غفلت کی وجہ سے ضائع ہو رہی ،عمران خان کی صحت کے مسئلہ پر حکومت بیمار ذہنیت کا مظاہرہ کر رہی ہے ، اس سے قوم میں روز بروز اضطراب بڑھ رہا اور ملکی یکجہتی و اتحاد بھی پارہ پارہ ہو رہا ہے ،ملکی یکجہتی اور اتحاد کی پاکستان کو آج جتنی ضرورت ہے شاید پہلے کبھی نہ تھی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسجد خاتم الانبیا گجرات میں نماز عید الفطر کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر راسخ الٰہی، میاں عمران مسعود، عثمان ظہورالٰہی، چودھری کاشف سندھو، چودھری خالد سندھو، چودھری نثار احمد بھی ہمراہ تھے ۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن والے جب آتے ہیں عوام کا تیل تو نکالتے ہی ہیں مگر اس بار جو تیل پڑا تھا وہ بھی نکال دیا، 10ارب کا جہاز لینے کی کیا ضرورت تھی، جہاز میں بیٹھ کر اوپر سے بندے چھوٹے نظر آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب ن لیگ نے عوام سے تعلق ہی ختم کر دیا تو اب جہاز لینے جیسے ہی کام کرنے ہیں، سیاسی طور پر عوام باشعور ہو چکی ، لوگوں کو ان حکمرانوں نے کچھ نہیں دیا۔پرویزالٰہی نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں دھاندلی کی کسر نکل جائے گی ، آپ نے بس گھبرانا نہیں ، عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی میں مختلف حیلوں بہانوں سے رکاوٹ پیدا کرنا آئین و قانون کی خلاف ورزی ہے ۔ہر نماز کے بعد دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ مسلمانوں کو فتح نصیب فرما ئے ، اسرائیل اور اس کے تکبرسے بھرے حمایتیوں کو اللہ تعالیٰ عبرتناک سزا دے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں