خلائی ٹیکنالوجی سے موسمیاتی تبدیلیوں کیساتھ نمٹنے کا نظام تیار
سیلاب، خشک سالی، ہیٹ ویوز، گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کی نشاندہی ممکن عالمی سطح کا مرکز سپارکو نے جیو اے آئی کے ذریعے قائم کیا ہے ،آئی ایس پی آر
راولپنڈی (اے پی پی ،مانیٹرنگ ڈیسک )سپارکو نے خلائی ٹیکنالوجی کے ذریعے ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف مزاحمت اور عملی اقدامات کو مضبوط بنانے کے لیے سپیس فور کلائمیٹ’ اقدام کا آغاز کیا ہے ،آئی ایس پی آر کے مطابق منصوبے کا مقصد سپیس ٹیکنالوجیز کے ذریعے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنا اور اقدامات کرنا ہے ، اِس کے تحت جیو اے آئی کے ذریعے عالمی سطح کا مشاہداتی مرکز قائم کیا گیا ہے ، جہاں مربوط ڈیجیٹل پلیٹ فارم ،سیٹلائٹ ڈیٹا،جغرافیائی تجزیات کی سہولت موجود ہے ، یہ پلیٹ فارم ماحولیاتی آلودگی، گرین ہاؤس گیسز، جنگلات،گلیشئرز، ساحلی تبدیلیوں، دریاؤں کے نظام اور زمین کے استعمال کی نگرانی کرتا ہے ، پالیسی سازوں کوٹھوس شواہدپرمبنی ڈیٹافراہم کرے گا، منصوبے کے تحت خلائی ٹیکنالوجی سے عوامی تحفظ یقینی بنایا جاسکے گا،مزید برآں یہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والے خطرات بشمول سیلاب، خشک سالی، ہیٹ ویوز، سطح سمندر میں اضافہ اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے جیسے واقعات کی بھی نشاندہی کرتا ہے۔