ایرانی جزیرے خارگ پر قبضہ آسان،برقرار رکھنا مشکل:ملیحہ لودھی
امریکہ ٹریپ میں پھنس گیا ہے ، خارگ پر قبضے کی کوشش کی تو یہ بڑا بلنڈر ہوگا فوجی طاقت سے ایران کو دبایا نہیں جا سکا: ’’دنیا مہر بخاری کے ساتھ‘‘ میں گفتگو
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کی سابق سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ اطلاع آرہی ہے کہ جزیرے خارگ پر قبضے کیلئے اس وقت امریکا ہزاروں کی تعداد میں میرینز اور پیراٹروپرزبھیج رہا ہے ، خارگ سے ایران کا تیل ایکسپورٹ ہوتا ہے ،امریکا ایسا کوئی کام کرے گا تو یہ بہت بڑا بلنڈر ہو گا،پروگرام ’’دنیا مہر بخاری کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرملیحہ لودھی نے کہا کہ خارگ پر قبضہ کرنا آسان ہے لیکن اس کو برقرار،محفوظ اورقائم رکھنا ناممکن ہے۔
امریکا ٹریپ میں پھنس گیا ہے ، انہوں نے کہا کہ امریکا کا خیال تھا کہ فوجی طاقت سے وہ ایران کو دبا سکے گا،تو ایسا نہیں ہوا،جہاں تک ایران کا تعلق ہے میں سمجھتی ہوں، اس کا مقصد تو یہی تھا یا ہے وہ جنگ کو پھیلائے ،اس خطے کے ممالک اتنے متاثر ہوں کہ وہ واشنگٹن کو یہ کہنے پر مجبور ہو جائیں کہ جنگ کا خاتمہ کریں،اس جنگ کی وجہ سے وہ سوچنے پرمجبور ہوجائیں کہ مستقبل میں امریکا کے اڈے رکھنے چا ہئیں یا نہیں۔