امریکا اسرائیل سے مذاکرات نہیں ہو سکتے:ایرانی قونصل جنرل
دوست ممالک امن کیلئے سرگرم ،کیا وہ پھر ایسا نہ ہونیکی یقین دہانی لے پائیں گے امریکا بری فوج اتارنے کا شوق پورا کرلے ،ہم بری جنگ کے ماہر:مہران مواحد
لاہور(نامہ نگار خصوصی)ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد نے کہا ایران سفارتی کوششوں ، کاوشوں سے گریزاں نہیں لیکن امریکا اسرائیل سے مذاکرات نہیں ہو سکتے ۔ امریکا سے مذاکراتی عمل کے دوران ہی ایران پر جارحیت مسلط کی لیکن نہیں جانتا تھا کہ ہم اس کے خلاف ردعمل کیلئے تیار اور ثابت قدم تھے اور ہیں پاکستان نے مشکل اور کٹھن حالات میں ایران کا ساتھ دیا ہے ہم اس جذبے کو کبھی بھول نہیں پائیں گے ہمارے امریکا سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے بعض دوست ممالک اپنے طور پر امن کے قیام کے لئے سرگرم ہیں کیا وہ امریکا سے ایسی کوئی یقین دہانی حاصل کر پائیں گے کہ وہ دوبارہ ایسی صورتحال پیدا نہیں کرے گا۔
ان خیالات کا اظہار لاہور میں ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد نے دنیا نیوز سے خصوصی ملاقات کے دوران کیا۔ ایرانی قونصل کا کہنا تھا کہ ایک طرف مذاکرات اور دوسری طرف امریکا بری فوج اتارنے پر غور کر رہا ہے وہ یہ شوق بھی پورا کر لے اس لئے کہ ایرانیوں نے جنگی صورتحال میں زندگی گزاری ہے اور ہم خود کو بری جنگ کا ماہر سمجھتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم ہمسایہ ممالک کے خلاف نہیں لیکن اگر ان کی سرزمین پر قائم امریکی اڈے ہمارے خلاف استعمال ہوں گے تو پھر کیا ہم ردعمل نہ دیں ہمارے دل ان کی وجہ سے زخمی ہیں انہوں نے کہا کہ امریکا و اسرائیل انسانیت سے عاری ہیں انہوں نے ایران میں 170بچوں کی شہادت اور ایک بحری ٹریننگ بیڑے پر ہمارے 80نوجوانوں کی شہادت پر پشمیانی کا اظہار کرنے کی بجائے اس پر خوشی منائی۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل دنیا کے امن کے لئے غیر معمولی خطرے کی صورت میں سامنے آئے ہیں اگر ایران کے خلاف وہ اپنے مذموم عزائم میں خدانخواستہ کامیاب ہو گئے تو پھر دیگر مسلم ممالک ان کی جارحیت کا ہدف ہوں گے انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کو امریکا کے لئے گوربا چوف قرار دینا گوربا چوف کی توہین ہوگی انہوں نے کہا کہ ہماری یہ جنگ اپنے مقاصد کے حصول تک جاری رہے گی جنگ بندی ہماری شرائط پر ہوگی ہم چاہیں گے کہ پاکستان سمیت امن کے لئے سرگرم ملک جنگ کو روکنے کے لئے مربوط طریقہ کار وضع کریں ، ہمارے نقصانات کا ازالہ نہیں ہوتا تو پھر بات نہیں بنے گی ۔انہوں نے کہا آبنائے ہرمز پر پاکستان سمیت چار ملکوں کی پٹرول کی فراہمی بحال کر چکے ہیں اس پر ایران کے اختیار کو کوئی چیلنج نہیں کر سکتا ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ ایران کے پاس موجود جدید میزائل سسٹم کا ابھی کوئی توڑ نہیں کر سکا نہ کر سکے گا۔