خلفشار میں گھرے ممالک سے اچھے تعلقات :خواجہ آصف
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ خلفشار میں گھرے ممالک کیساتھ پاکستان کے اچھے تعلقات ہیں اور موجودہ صورتحال میں پاکستان کو تاریخ میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کا موقع ملا ہے ۔
ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خطے کی کشیدہ صورتحال میں پاکستان کی قیادت اہم کردار ادا کر رہی ہے اور تمام متعلقہ ممالک کا یکساں مفاد امن کا قیام ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت تین مسلم ممالک مشترکہ طور پر کوشش کر رہے ہیں کہ جاری کشیدگی کو روکا جائے اور خطے کو مزید تباہی سے بچایا جائے ۔خواجہ آصف نے کہا کہ وزیر اعظم شہبازشریف اور فیلڈمارشل سید عاصم منیرکی قیادت میں پاکستان کو جو مقام حاصل ہوا ہے وہ باعثِ اعزاز ہے ، اور ملک بڑے تنازع میں ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مذاکرات کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا ہے اور اس عمل میں متعلقہ ممالک کی مشترکہ رائے شامل ہوگی۔