پٹرولیم مہنگائی اسرائیلی جنگی جنون کا نتیجہ:خواجہ آصف
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کسی ایک ملک کا فیصلہ نہیں بلکہ اسرائیل کے جنگی جنون ، مسلم دشمنی اور جارحانہ عزائم کا نتیجہ ہے ۔
اپنے ایکس بیان میں انہوں نے کہا جن مسلم ممالک سے پٹرول نکلتا ہے یا جس کی حدود سے گزر کر دنیا تک پہنچتا ہے ، اسرائیل کے مسلمانوں کی نسل کشی کے جنون سے سب شدید متاثر ہو رہے ہیں۔دنیا کے کئی ممالک میں ایندھن کی قلت اور ہنگامی صورتحال ہے پاکستان میں سپلائی برقرار رکھنا ایک بڑا چیلنج تھا جسے حکومت نے کامیابی سے سنبھالا اور قلت سے بچایا۔ لیکن اب ایک متوازن راستہ اپنانا ضروری تھا تاکہ ملک کو بڑے معاشی بحران سے بچایا جا سکے ۔ قیمت میں اضافہ شدید معاشی دباؤ کی وجہ سے کیاگیا۔ ہمیں عوام کی مشکلات کا شدید احساس ہے ۔ وفاق اور صوبوں نے تمام ترقیا تی اخراجات اور فوری ضرورت کے علاوہ اخرا جات کو موخر کرکے مالی وسائل تیل کی قیمتوں کی سپورٹ میں ڈالے ہیں۔ جیسے ہی حالات بہتر ہوں گے ، عوام کو فوری ریلیف دیا جائے گا۔