190ملین پائونڈکیس:بشریٰ کی سزامعطلی پرفیصلے کی استدعا
دس ماہ تک نیب کیس کو لٹکاتا رہا، اب کہہ رہے ہیں اپیل سن لیں،متفرق درخواست نیب سپیشل پراسیکیوٹر مرکزی اپیلوں پر دلائل کیلئے تیار،ڈویژن بینچ کاتحریری فیصلہ
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت 190 ملین پاؤنڈ کیس میں اہم پیش رفت،اپیل کی بجائے بشریٰ بی بی کی سزا معطلی درخواست پر پہلے فیصلہ کرنے کیلئے متفرق درخواست دائرکردی گئی،بشریٰ بی بی کی جانب سے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے درخواست دائرکرتے ہوئے استدعا کی ہے کہ نیب کی جانب سے کیس لٹکانے کے مختلف طریقوں کا عدالت نوٹس لے ، بشریٰ بی بی ایک پردہ نشیں خاتون ہیں، ان پر اس کیس میں اعانت کا الزام ہے ،بشریٰ بی بی عدت کیس سمیت 13 کیسز میں بری ہو چکی یا ضمانت پر ہیں اور اس کیس میں 14 ماہ سے جیل میں ہیں، خاتون ہونے کی بنیاد پر ضمانت ان کا حق ہے ،دس ماہ تک نیب کیس کو لٹکاتا رہا اب کہہ رہے ہیں اپیل سن لیں، سپریم کورٹ نے اپنی 22 فروری 2025 کی پریس ریلیز میں ہدایت کی ہے کہ ضمانت سے متعلق معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر مقرر کر کے ان کا فیصلہ کیا جائے ،بشریٰ بی بی کی سزا معطلی درخواستوں پر سماعت مؤخر کرنے کا کوئی بھی حربہ یا کوشش سپریم کورٹ کی طے شدہ پالیسی اور رہنمائی کے منافی ہو گی،استدعا ہے کہ بشری ٰ بی بی کی سزا معطلی درخواست پر اپیل سے پہلے فیصلہ کیا جائے اورجیل میں ملاقات کی اجازت دی جائے ۔ادھر چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل اسلام آبادہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی درخواستوں پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ حکم نامے میں کہاگیا ہے کہ نیب سپیشل پراسیکیوٹر نے کہا کہ وہ مرکزی اپیلوں پر دلائل کے لیے تیار ہیں،بانی اور بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر نے ہدایات کے لیے وقت مانگا ، مزید سماعت 6 اپریل تک ملتوی کی جاتی ہے ۔