پاکستان ، سعودیہ،ایران ، ترکیہ دفاعی بلاک بنایا جائے : حافظ نعیم
آبنائے ہرمز کا گھیراؤ ختم کرنے تک مذاکرات نہ کرنے کے ایرانی مؤقف کے حامی
کراچی (سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ایران و امریکا مذاکرات کے حوالے سے ایران کے مؤقف کی مکمل حمایت کرتے ہیں کہ جب تک آبنائے ہرمز کا گھیراؤ ختم نہیں کیا جاتا کسی قسم کا معاہدہ ممکن نہیں،مذاکرات میں پاکستان کی سفارتی کاوشیں قابل تحسین ہیں، پاکستان، سعودی عرب، ایران اور ترکیہ پر مشتمل ایک مشترکہ دفاعی بلاک تشکیل دیا جائے تاکہ امت مسلمہ کو مضبوط بنایا جاسکے ، ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات اور دعوے زمینی حقائق کے برعکس ثابت ہورہے ہیں اور آج امریکا خود مذاکرات پر مجبور ہوچکا ہے ، امیرکراچی منعم ظفر خان کے ہمراہ ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا جماعت اسلامی کل سے ملک بھر میں ممبرشپ مہم کے نئے مرحلے کا آغاز کر رہی ہے اور یہ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی ممبرشپ مہم ہوگی، یونیورسٹی روڈ کی صورتحال اورریڈ لائن منصوبہ عالمی سطح پر مذاق بن چکا ہے بلاول بھٹو زرداری کی سیاست محض دعووں تک محدود ہے بالخصوص کراچی کی صورتحال ان کی کارکردگی کو بے نقاب کرتی ہے۔