پنجاب میں فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے 2 ارب کے فنڈزمختص :عظمیٰ
منتخب فلم سازوں کو فی فلم 3 کروڑ، سکرپٹ مرحلے پر ہی فنڈز جاری کریں گے سینما گھر سولر پر منتقل ہونگے ، نئے فلم میکرز سے درخواستیں طلب کی جائیں گی
لاہور(نیوزایجنسیاں)صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق پنجاب کی فلم انڈسٹری کو دوبارہ پیروں پر کھڑا کرنے کے لیے انقلابی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔طویل عرصے سے زوال کا شکار فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار 2 ارب روپے کے خطیر فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ محکمہ اطلاعات و ثقافت کے اہم منصوبوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے صوبائی وزیر نے اعلان کیا کہ لاہور میں عالمی معیارکی لاہور فلم سٹی پر کام شروع کر دیا گیا ہے ، جہاں اسٹیٹ آف دی آرٹ لیبز قائم کی جائیں گی۔ اب فلم سازوں کو ایڈیٹنگ یا پوسٹ پروڈکشن کے لیے بیرون ملک جانے کی ضرورت نہیں ہوگی ۔کڑی سکروٹنی کے بعد فلم سازی کے لیے 32 افراد کا انتخاب کیا گیا ہے ، جنہیں فی فلم 3 کروڑ رو پے فراہم کیے جائیں گے ۔ سکرپٹ جمع کروانے کے ابتدائی مرحلے میں ہی ڈیڑھ کروڑ روپے جاری کر دئیے جائیں گے ، جبکہ بقیہ رقم فلم کی تکمیل پر ملے گی۔ منتخب فلم سازوں کو اپنی فلمیں مکمل کرنے کے لیے ایک سال کا وقت دیا گیا ہے ۔ جو بھی فلم باکس آفس پر جتنا بزنس کرے گی، اس کا 25 فیصد اضافی طور پر فلم ساز کو دیا جائے گا۔جون میں شروع ہونے والے نئے مالی سال کے لیے نئے فلم میکرز سے درخواستیں طلب کی جائیں گی۔ مزید برآں پانچ انتہائی باصلاحیت نوجوانوں کو فلمی منصوبوں کے لیے خصوصی فنڈز بھی فراہم کیے جائیں گے ۔ سینما گھروں کے بجلی کے اخراجات میں کمی لانے اور انہیں ریلیف دینے کے لیے سینماؤں کو سولر سسٹم پر منتقل کیا جائے گا۔