کالا شاہ کاکو،رحیم یار خان میں حادثات،ٹریفک انسپکٹر سمیت 5جاں بحق
حاجی کوٹ کے قریب ٹریفک پولیس کی گاڑی اور کوسٹر میں تصادم ،انسپکٹرغلام حسن سمیت 3 افراد جاں بحق،20 زخمی موٹروے ایم فائیومحمدپورانٹرچینج کے نزدیک کار الٹنے سے گلزاردم توڑگیا،موضع موسیٰ کانجو کے نذیرکوویگن نے کچل ڈالا
کالا شاہ کاکو ،رحیم یارخان (نامہ نگار، نیوز ایجنسیاں)کالا شاہ کاکو اوررحیم یارخان کے علاقوں میں ٹریفک حادثات میں ٹریفک انسپکٹر سمیت 5 افرادجاں بحق اور25زخمی ہوگئے ۔بتایاگیاہے کہ نارنگ منڈی سے سرکاری ملازمین اور لاہور سبزی منڈی جانے والے تاجروں کو روزانہ کی بنیاد پر لے جانے والی کوسٹر کالا خطائی روڈ پر حاجی کوٹ کے قریب واقع موڑ پر لاہور ٹریفک پولیس کی گاڑی سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں نارنگ منڈی صدر بازار کا رہائشی اور ٹریفک سیکٹر میکلوڈ روڈ پر تعینات ٹریفک انسپکٹر غلام حسن اعوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ کوسٹر ڈرائیور استاد بودی اور مقامی پھل فروش محمد ادریس شدید زخمی ہوئے اور ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گئے ۔حادثے کے دوران کوسٹر میں سوار 20 سے زائد تاجر شدید زخمی ہو گئے ، جنہیں ریسکیو ٹیموں نے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا۔ دونوں گاڑیاں سڑک سے اتر کر قریبی گھروں کی دیوار سے ٹکرا کر تباہ ہو گئیں۔پولیس نے جائے حادثہ کا جائزہ لینے کے بعد جاں بحق افراد کی لاشیں ورثا کے حوالے کر دیں۔ دریں اثنا رحیم یارخان میں موٹروے ایم فائیومحمدپورانٹرچینج کے نزدیک کار تیزرفتاری کے باعث الٹ گئی جس کے نتیجہ میں گوٹھ آدرتحصیل میہڑدادوکارہائشی 50سالہ گلزاراحمد موقع پرہی دم توڑگیاجبکہ کارمیں سوار پانچ افرادزخمی ہوگئے جبکہ موضع موسیٰ کانجو کا رہائشی 60سالہ نذیراحمد علی الصح سبزی منڈی جا رہاتھا کہ شہ زورڈالہ ویگن نے بے قابوہوکرکچل ڈالاجس کے نتیجہ میں وہ موقع پرہی دم توڑگیا۔