برآمدکنندگان کیلئے ریلیف، اسٹوریج چارجز میں 50فیصدتک کمی
خلیجی ممالک جانے والی تاخیری شپمنٹس پر بھی رعایت ملے گی،جنید انوار چوہدری
کراچی(بزنس رپورٹر)وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے برآمدکنندگان کے لیے اہم ریلیف پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے بندرگاہوں پر اسٹوریج چارجز میں 25 سے 50 فیصد تک کمی کر دی ہے ۔ اس اقدام کا مقصد برآمدی شعبے پر بڑھتے مالی دباؤ کو کم کرنا اور ملکی برآمدات کو سہارا دینا ہے ۔ وفاقی وزیر بحری امور کے مطابق خلیجی ممالک جانے والی تاخیری شپمنٹس پر بھی برآمدکنندگان کو خصوصی رعایت دی جائے گی جبکہ بندرگاہوں پر پھنسے ہوئے کنٹینرز اور کارگو پر بھی اس ریلیف کا اطلاق ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت لاجسٹک مسائل کے خاتمے اور کارگو کلیئرنس کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔ مزید تفصیلات کے مطابق کے جی ٹی ایل پر یکم سے 20 مارچ تک 50 فیصد اسٹوریج چارجز معاف کیے گئے ہیں جبکہ کے آئی سی ٹی پر یکم سے 10 مارچ تک 50 فیصد رعایت دی جائے گی ،اسی طرح ایس اے پی ٹی پر 11 سے 31 مارچ کے دوران 25 فیصد کمی کا اطلاق ہوگا۔ جنید انوار چوہدری کے مطابق بندرگاہی نظام کو جدید تجارتی تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔