گندم خریداری ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم میں ویری فکیشن کے باعث سست
کرپشن، بدعنوانی یا غیر شفاف عمل کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، وزیرخوراک
کراچی(سٹاف رپورٹر) وزیر خوراک سندھ مخدوم محبوب الزمان کی زیر صدارت محکمہ خوراک کااجلاس ہوا، سیکر ٹری خوراک نے آگاہ کیا کہ صوبہ بھر میں گندم خریداری مہم تسلسل کے ساتھ جاری ہے تاہم ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم میں ویری فکیشن کے عمل کے باعث خریداری کی رفتار وقتی طور پر سست رہی، اب تک تقریباً پانچ لاکھ گندم کی بوریوں کی خریداری مکمل کی جا چکی ہے اور آئندہ دنوں میں اس عمل کو مزید تیز کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ کسی قسم کی کرپشن، بدعنوانی یا غیر شفاف عمل کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، خریداری کا عمل سست ضرور ہو سکتا ہے مگر شفافیت پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام گندم خریداری مراکز پر ضلعی انتظامیہ کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شفافیت برقرار رہے اور آبادگاروں کا اعتماد بحال ہو۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ جو آبادگار حکومت کو گندم فراہم نہیں کریں گے انہیں آئندہ سبسڈی سے محروم رکھا جائے گا۔