پنجاب کے سکولوں میں موسم گرما کی چھٹیوں کا اعلان
22 مئی سے صوبہ بھر کے سکول بند ،24 اگست کو دوبارہ کھلیں گے :حکام سندھ حکومت نے بھی تعطیلات کاشیڈول جاری کردیا، 2ماہ سکول بند رہیں گے
لاہور،کراچی(خبر نگار،دنیا نیوز)پنجاب کے سکولوں میں موسمِ گرما کی 3 ماہ کی چھٹیوں کا اعلان، 22 مئی بروز جمعہ سے صوبہ بھر کے سرکاری اور نجی سکول بند ہوجائیں گے دوبارہ 24 اگست بروز پیر کو کھلیں گے جبکہ سندھ حکومت نے بھی موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا ہے ۔پنجاب حکومت کے جاری اعلامیے کے مطابق صوبے میں سکولوں کی گرمیوں کی چھٹیاں 22 مئی سے 23 اگست تک جاری رہیں گی۔ گزشتہ سال موسمِ گرما کی تعطیلات کا آغاز 28 مئی سے ہوا تھا اورسکول 14 اگست تک بند رہے تھے ، تاہم اس سال چھٹیاں پہلے شروع کی جارہی ہیں اور گزشتہ سال کی نسبت 16 اضافی چھٹیاں دی گئی ہیں۔
محکمہ تعلیم پنجاب کا کہنا ہے کہ شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے خدشات کے باعث طلبہ اور اساتذہ کی صحت و سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا۔ دوسری جانب نجی سکولوں نے طویل تعطیلات پر تحفظات کا اظہارکرتے مؤقف اختیار کیا ہے کہ طویل چھٹیوں سے تعلیمی شیڈول اور نصاب کی تکمیل متاثر ہوسکتی ہے ، نجی سکولوں نے سمرکیمپس لگانے کی اجازت مانگی ہے جبکہ والدین نے فیصلے کو مجموعی طور پر مثبت قرار دیا ہے ۔ ادھر سندھ حکومت نے سکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات یکم جون سے 31 جولائی تک کرنے کا اعلان کیا ہے ۔سندھ حکام نے بتایا کہ فیصلے کا اطلاق تمام نجی و سرکاری سکولوں پر ہوگا۔