ای سی سی : پہلی جم سٹون پالیسی ،وزارتوں ، ڈویژنز کیلئے ضمنی گرانٹس منظور
سکلز ڈیویلپمنٹ 3 ارب 91 کروڑ، وزیراعظم آفس کی مرمت و دیکھ بھال کیلئے 16 کروڑ کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کی تنظیم نو کی منظوری،جموں کشمیر مہاجرین کیلئے گزارہ الاؤنس میں اضافہ کردیا گیا
اسلام آباد (دنیا نیوز)ای سی سی نے ملک کی پہلی پانچ سالہ جم سٹون پالیسی اور وزارتوں ، ڈویژنز کیلئے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دے دی۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا ۔اعلامیہ میں بتایا گیا کہ ای سی سی نے ملک کی پہلی پانچ سالہ جم سٹون پالیسی اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کی تنظیم نو کی بھی منظوری دی۔اِسی طرح وزیر اعظم کے نوجوانوں کے سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کیلئے 3 ارب 91 کروڑ روپے اور وزیراعظم آفس کی مرمت و دیکھ بھال کیلئے 16 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ فرنٹیئر کانسٹیبلری نارتھ کے ہسپتال کیلئے 48 کروڑ روپے ، وزیر اعظم کے قومی صحت پروگرام کیلئے ایک ارب 50 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی۔
دوسری جانب یکم فروری سے 1989 کے جموں کشمیر مہاجرین کیلئے گزارہ الاؤنس ساڑھے تین ہزار سے بڑھا کر 6 ہزار روپے ماہانہ کرنے کی منظوری دی گئی جس کے تحت 30 جون تک گزارہ الاؤنس کیلئے 58 کروڑ روپے مختص کیے جائینگے ۔اعلامیہ میں بتایا گیا کہ ریلوے کی ملازمین کے پنشن واجبات کیلئے ایک ارب روپے مختص، نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے قیام کیلئے ایک ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔ای سی سی نے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کی تنظیم نو کی اصولی منظوری دیتے ہو ئے کہا کہ ادارے کے 30 فیصد حصص مینجمنٹ کنٹرول کے ساتھ نیشنل لاجسٹک سیل کے حوالے کیے جائیں گے ۔علاوہ ازیں ای سی سی نے ملک کی پہلی جم سٹونز 30-2026 کی بھی منظوری دے دی۔