28ویں ترمیم کا کوئی باقاعدہ مسودہ سامنے نہیں آیا، گورنر کے پی

28ویں ترمیم کا کوئی باقاعدہ مسودہ  سامنے نہیں آیا، گورنر کے پی

پشاور(نیوز ایجنسیاں )گورنرخیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ 28 ویں آئینی ترمیم کا ابھی کوئی باقاعدہ مسودہ سامنے نہیں آیا۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ  وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے ساتھ اچھی ورکنگ ریلیشن شپ ہے ، ہم نے گندم اور سی این جی کے دیرینہ مسائل کو مشترکہ طور پر حل کیا، سابق وزیراعلیٰ علی امین وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے تھے ۔ بی آ ئی ایس پی حکام سے گفتگو کرتے ہو ئے گورنر نے کہا ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک لاکھ 87 ہزار مستحقین میں تقریباً 6 کھرب روپے فی قسط تقسیم کیے جاتے ہیں ،اس ضمن میں کرپشن کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ، ریٹیلرز اور فرنچائز کی جانب سے صارفین سے کٹوتی انتہائی افسوسناک ہے اسکا تدارک انتہائی ضروری ہے کیونکہ عوام کو تکلیف دینے اور ان کے حق پر ڈاکا ڈالنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔

دریں اثنا گورنر نے کہا ڈیرہ اسماعیل خان میں گیس صارفین کی مشکلات کا فوری ازالہ کیا جا ئے ۔یہ ہدایات انہوں نے کنڈی ماڈل فارم پر محکمہ گیس کے حکام کے اجلاس کے موقع پر دیں ۔ گورنر نے کہا ناشتہ اور شام کے اوقات میں گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنا ئی جا ئے ۔علاوہ ازیں فیصل کنڈی سے دوتانی قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین محمد عثمان دوتانی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی اورمسائل سے آگاہ کیا۔ گورنر نے کہا دوتانی اقوام کا مسئلہ سنجیدہ اور حقیقت پر مبنی ہے جس کے ازالہ کیلئے بھرپور تعاون کیا جائے گا ۔ گورنر سے سردار ایوب خان اکاخیل کی قیادت میں اکاخیل قوم کے وفد نے ڈیرہ میں انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا ،گورنرنے کہا کسی بھی قوم یا برادری کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں