ثاقب چدھڑ کیخلاف مومنہ کو ہراساں کرنیکا مقدمہ ، عبوری ضمانت

ثاقب چدھڑ کیخلاف مومنہ کو ہراساں کرنیکا مقدمہ ، عبوری ضمانت

ملزم ایم پی اے عدالت پیش ،پولیس کو 24 جون تک گرفتاری سے روکدیا گیا میری بہن مومنہ کو نکاح نہ کرنے پر ملزم نے قتل کی دھمکیاں دیں :رمشا اقبال

لاہور(کورٹ رپورٹر،اپنے کامرس رپورٹر سے ، این این آئی)لاہور کے ایڈیشنل سیشن جج عرفان احمد شیخ نے اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے کے مقدمے میں لیگی ایم پی اے ثاقب چدھڑ کی عبوری ضمانت منظور کرلی اورپولیس کو 24 جون تک ثاقب چدھڑکو گرفتار کرنے سے روک دیا ۔ لاہور کی سیشن عدالت میں ایڈیشنل سیشن جج عرفان احمد نے لیگی ایم پی اے ثاقب چدھڑ کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کی، ملزم اپنے وکیل میاں علی اشفاق کے ہمراہ عدالت پیش ہوا۔ وکیل نے بتایا کہ این سی سی آئی اے نے بے بنیاد مقدمہ درج کیا، شامل تفتیش ہونے کیلئے تیار ہیں، عدالت عبوری ضمانت منظور کرے ، جس پر عدالت نے 24 جون تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے مقدمہ کا ریکارڈ طلب کر لیا اور آئندہ سماعت تک این سی سی آئی اے کو ثاقب چدھڑ کو گرفتار کرنے سے بھی روک دیا۔ادھر میڈیا سے گفتگو میں اداکارہ مومنہ اقبال کی بہن و وکیل رمشا اقبال نے کہا ہے کہ رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ ہم پر لگائے الزامات این سی سی آئی اے میں ثابت کریں،این سی سی اے کا رکن صوبائی اسمبلی کے خلاف مقدمہ درج کرنا ہماری کامیابی ہے۔

میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں ۔رمشا اقبال نے کہا کہ اب سوموار کو ایک نئی درخواست جمع کراؤں گی،میں ہرگز پیچھے نہیں ہٹوں گی ، ثاقب چدھڑ اب کروڑوں روپے ثابت کرے ہم ان کو پیسے واپس دینا چاہتے ہیں ،ثاقب چدھڑ نے مومنہ کو دھمکیاں دیں کہ نکاح نہیں کرنا ورنہ قتل کروا دوں گا، ثاقب چدھڑ نے دھمکی آمیز وائس نوٹ مجھے اور مومنہ کو بھیجا،سوشل میڈیا پر مومنہ اور میرے خلاف پیڈ کمپین چلائی گئی ۔ یاد رہے کہ اداکارہ مومنہ اقبال نے چند روز قبل ایم پی اے ثاقب چدھڑ کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں شکایت درج کروائی تھی جس پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔ علاوہ ازیں این سی سی آئی اے لاہور نے مومنہ اقبال کی شکایت پر ثاقب چدھڑ کے خلاف سائبر ہراسگی، بلیک میلنگ، نازیبا مواد کی تشہیر اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے ۔پیکا ایکٹ اور دیگر قوانین کے تحت درج مقدمہ میں شکایت کنندہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم نے خاتون کی مبینہ نازیبا ویڈیوز اور نجی معلومات اس کی رضامندی کے بغیر مختلف افراد تک پہنچائیں ، جس سے اس کی ذاتی زندگی اور ساکھ متاثر ہوئی۔ این سی سی آئی اے نے شکایت کنندہ اور دیگر متعلقہ افراد کے بیانات قلمبند کئے اور ڈیجیٹل شواہد، موبائل فونز اور دیگر آلات فرانزک جانچ کیلئے بھجوا دیئے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں