سکیورٹی کیلئے فوج، رینجرز تعینات ہوگی، چیف الیکشن کمشنرآزادکشمیر
راولپنڈی، مظفر آباد (نیوز رپورٹر ،این این آئی) آزاد جموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر)غلام مصطفی مغل نے کہا کہ انتخابات کے دوران سکیورٹی کے لئے فوج اور رینجرز تعینات ہوگی اور انتخابی نتائج کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر)غلام مصطفی مغل کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں آئندہ انتخابات کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں ار کان الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی اور سیکر ٹر ی الیکشن کمیشن راجا شکیل خان، آزادجموں و کشمیر کے 33 حلقوں کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور مہاجرین جموں و کشمیر مقیم پاکستان کے 12 حلقوں کے ریٹرننگ افسران شریک ہوئے ،چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر)غلام مصطفی مغل نے کہا کہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں گے ، کوڈ آف کنڈکٹ پر بلاامتیاز اور سختی سے عمل درآمد کیا جائے اور کسی امیدوار یا سیاسی جماعت کے لیے قواعد میں نرمی نہیں برتی جائے گی ، عوام کا سب سے زیادہ اعتماد عدلیہ پر ہے ، پولنگ سکیموں اور پریذائیڈنگ افسران کی تقرری مکمل شفافیت سے کی جائے اور انتخابی افسران قانون اور ضابطوں کے مطابق غیرجانب دارانہ فرائض انجام دیں۔انہوں نے کہاکہ الیکشن کے دوران سکیورٹی کے لیے فوج اور رینجرز تعینات ہوں گی، انتخابی نتائج اور ریکارڈ کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔رکن کمیشن سید نظیرالحسن گیلانی نے کہا کہ عدلیہ اور دفاعی ادارے عوام کے اعتماد کا مرکز ہیں، شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے عدلیہ کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے ۔سیکرٹری الیکشن کمیشن راجا شکیل خان نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اورریٹرننگ افسران کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی، اجلاس میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران نے انتخابی عمل مزید موثر بنانے کے لیے تجاویز پیش کیں۔