لیگی ارکان کا کمال ضبط،پیپلزپارٹی کے بینرز،اپوزیشن ارکان کی ویڈیوز:قومی اسمبلی اجلاس کی جھلکیاں
اسلام آباد (سیدقیصرشاہ ، سہیل خان ، اسلم لڑکا ) قومی اسمبلی کا اجلاس دو گھنٹے کی تاخیرسے پانچ بج کر پانچ منٹ پر شروع ہوا۔
ایوان میں پی ٹی آئی سمیت جے یو آئی کے اراکین موجود نہیں تھے تاہم تلاوت، حدیث اور نعت شریف کے بعد پی ٹی آئی کے اراکین بجٹ مخالف پلے کارڈز اٹھا کر ایوان میں داخل ہوئے اور نعرہ بازی شروع کردی ، لیگی اراکین نے کمال ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے کسی بھی نعرے کا کوئی جواب نہیں دیا،وزیر خزانہ کی بجٹ تقریر کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو نے وزیر خزانہ سے ہاتھ ملایا ، و زیر اعظم محمد شہباز شریف 5 بج کر 12منٹ پر ایوان میں آئے تو لیگی اراکین نے دیکھو ، دیکھو، کون آیا ! شیر آیا ،شیر آیا ، کے نعرے لگا ئے اور ڈیسک بجا کر استقبال کیا جبکہ پی ٹی آئی ارکان دیکھو ، دیکھو چور آیا کے نعرے لگاتے رہے ۔اپوزیشن کے اراکین اپنے احتجاج کی خود ہی تصاویر اور ویڈیوز بناتے رہے ۔وزیر خزانہ کی تقریر کے دوران وزیر اعظم بھی ڈیسک بجاتے رہے اجلاس ،ایوان میں پیپلز پارٹی کے اراکین نے بھی اپنے مطالبات بارے بینرز اٹھا رکھے تھے ۔