ریلوے خسارہ میں کمی، ٹریکس اور انجن مرمت کیلئے 109 ارب مختص
اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)وفاقی حکومت نے بجٹ میں پاکستان ریلویز کے خسارے میں کمی، انجنوں کی مرمت اور ٹریکس کی جدید کاری کیلئے مجموعی طور پر 109 ارب 27 کروڑ 90 لاکھ روپے رکھے ہیں جبکہ غیر ترقیاتی اخراجات کیلئے 12 ارب 27 کروڑ 90 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔
بجٹ دستاویز کے مطابق وزارتِ ریلوے کے مرکزی دفتری اور انتظامی امور (غیر ترقیاتی اخراجات) کے لئے 12 ارب 27 کروڑ 90 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے ، تاہم ریلوے نیٹ ورک کے نقصانات کو پورا کرنے ، ملازمین کی تنخواہوں اور ہزاروں ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کی بلاتعطل ادائیگی کو یقینی بنانے کیلئے وفاقی گرانٹ کے تحت الگ سے 52 ارب روپے کے غیر ترقیاتی فنڈز فراہم کئے جائیں گے ۔ بجٹ دستاویز کے مطابق وفاق کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت پاکستان ریلویز کے بنیادی انفراسٹرکچر کی بحالی، سگنل سسٹم کی جدید کاری، نئے انجنوں و بوگیوں کی خریداری اور سی پیک کے فلیگ شپ ایم ایل ون منصوبے کی بتدریج پیشرفت کیلئے مجموعی طور پر 45 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز مختص کئے گئے ہیں ۔