آزاد کشمیر انتخابات شیڈول کے مطابق ہوں گے ، ترجمان الیکشن کمیشن
مظفرآباد(مانیٹرنگ ڈیسک )ترجمان الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے واضح کیا کہ عام انتخابات 27 جولائی کو جاری شیڈول کے مطابق ہوں گے اور انتخابات کے التوا سے متعلق تمام قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔
ترجمان کے مطابق قانون ساز اسمبلی کی آئینی مدت اور قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے 5 جون کو انتخابی شیڈول جاری کیا گیا تھا ، انتخابی شیڈول مکمل طور پر آئینی اور قانونی تقاضوں کے مطابق جاری کیا گیا اور اس میں کسی قسم کی بدنیتی یا سیاسی مقصد کارفرما نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بروقت انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے ، اس لئے شیڈول کے اجرا کو کسی سیاسی تناظر میں دیکھنا درست نہیں ، ترجمان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر میں شفاف، آزادانہ اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔