برگن اسٹاک ریزورٹ:تین اطراف سے پانی میں گھرا خوبصورت ترین مقام

 برگن اسٹاک ریزورٹ:تین اطراف سے پانی میں گھرا خوبصورت ترین مقام

ریزورٹ 150سال سے عالمی رہنماؤں، فلمی ستاروں اور امیر افراد کی میزبانی کر رہا جھیل کے منظر والے شاہی سوئٹ میں 1 رات گزارنے کا خرچہ 68لاکھ 40ہزار روپے

جنیوا(اے ایف پی )سوئٹزرلینڈ کی جھیل \'لیوکیرن\'کے اوپر بلندی پر واقع انتہائی پُرتعیش \'برگن اسٹاک ریزورٹ\'اس تاریخی اور ڈرامائی تقریب کی میزبانی کرے گا جہاں جمعہ کے روز امریکا اور ایران کے درمیان تقریباً چار ماہ سے جاری جنگ کے خاتمے کی یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے ۔سوئٹزرلینڈ کی حکومت نے بتایا کہ واشنگٹن اور تہران کے ساتھ ساتھ ان کے ثالثوں یعنی پاکستان اور قطر نے اس پرشکوہ ہوٹل کمپلیکس کا انتخاب کیا کیونکہ یہاں تک رسائی مشکل ہے ، جس کی وجہ سے سکیورٹی کے لحاظ سے اسے مکمل طور پر سیل کرنا انتہائی آسان ہے ۔ تینوں اطراف سے پانی میں گھرا یہ پرسکون اور خوبصورت مقام عالمی رہنماؤں، فلمی ستاروں اور امن مذاکرات کی میزبانی کا وسیع تجربہ رکھتا ہے ۔مناظر فطرت سے بھرپور یہ خصوصی ریزارٹ گزشتہ 150 سال سے زائد عرصے سے دنیا کے امیر ترین اور طاقتور ترین افراد کا استقبال کر رہا ہے ۔

چارلی چیپلن نے 1953 میں اس ریزورٹ میں بھارتی وزیر اعظم جواہر لال نہرو اور ان کی صاحبزادی اندرا گاندھی سے ملاقات کی تھی۔ ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ آڈری ہیپ برن نے 1954 میں برگن اسٹاک کے چیپل (عبادت گاہ) میں اپنی پہلی شادی کی اور ریزورٹ کے \'ولا بیتھانیا\' کو اپنا گھر بنایا۔اطالوی سٹار صوفیہ لورین کا بھی یہاں ایک شاندار پہاڑی بنگلہ تھا، جہاں اب ایک ایرانی ریسٹورنٹ قائم ہے ۔1964 میں جیمز بانڈ (سین کونری)کی فلم \"گولڈ فنگر\" کی شوٹنگ کے دوران سین کونری ایک ماہ تک یہیں مقیم رہے اور پہاڑوں پر فلم کے مناظر عکسبند کیے ۔دیگر رہنمائوں میں اسرائیل کے وزرائے اعظم ڈیوڈ بین گوریان اور گولڈا مائر، مغربی جرمنی کے چانسلر کونراڈ ایڈناؤر اور سابق امریکی صدر جمی کارٹر (صدر بننے سے پہلے ) یہاں قیام کر چکے ہیں۔ہوٹل اور اخراجات کے حوالے سے اس کمپلیکس میں کلاسک سے لے کر انتہائی جدید طرز کے 4 بڑے ہوٹل شامل ہیں جن میں 360 کمرے ، 7 ریسٹورنٹ اور کئی نجی ولاز ہیں۔ یہاں جھیل کے منظر والے شاہی سوئٹ میں ایک رات گزارنے کے اخراجات 19500فرانک (تقریباً 68 لاکھ 40 ہزار) تک جا پہنچتے ہیں، جبکہ ایک سادہ کمرہ 310 فرانک(1 لاکھ 8 ہزار روپے ) میں مل سکتا ہے ۔ یہاں ہیمٹس شوانڈ لفٹ موجود ہے ، جو راکٹ کی شکل کا ایک دھاتی ٹاور ہے اور یورپ کی بلند ترین آؤٹ ڈور لفٹ ہے ، جو چند سیکنڈز میں 152 میٹر کی بلندی پر پہاڑی کی چوٹی تک پہنچاتی ہے ۔اس ریزورٹ کی ملکیت قطر کے خودمختار ویلتھ فنڈ \'کٹارا ہاسپیٹلٹی\' کے پاس ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں