لاہور ہائیکورٹ میں 10نئے ججز کی تقرری کا فیصلہ
4 جولائی تک سینئر وکلا کی نامزدگیاں جوڈیشل کمیشن کو جمع کرانیکی ہدایت اجلاس بعد میں طلب کیاجائیگا، ججز کی کل 60 اسامیوں میں سے 19 خالی
لاہور (محمد اشفاق )لاہور ہائیکورٹ میں 10 نئے ججز کی تقرری کا فیصلہ کر لیا گیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سمیت تمام جوڈیشل کمیشن کے ممبران سے 4جولائی تک نام مانگ لیے گئے۔ ذرائع کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں پہلے مرحلے کے دوران 10ججز کی خالی اسامیوں کو پر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، اس سلسلے میں سینئر اور قابل وکلا کو لاہور ہائیکورٹ کا جج مقرر کرنے کیلئے 4جولائی تک نامزدگیاں جمع کروانے کا کہا گیا ہے ، سیکرٹری جوڈیشل کمیشن کی جانب سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سمیت جوڈیشل کمیشن کے تمام ممبران کو آگاہ کیا گیا ہے کہ 4جولائی تک 10خالی اسامیوں کو پر کرنے کیلئے سینئر ،قابل اور شفاف کردار کے حامل وکلا کو نامزد کرکے نام جوڈیشل کمیشن کو ارسال کیے جائیں، جس کے بعد جوڈیشل کمیشن باضابطہ طور پر اجلاس طلب کرے گا، لاہور ہائیکورٹ کی ججز کی کل اسامیوں کی تعداد 60ہے ، اس وقت 41ججز فرائض سرانجام دے رہے ہیں جبکہ 19 اسامیاں خالی ہیں۔