موہلنوال ،مال روڈ :ٹریفک حادثات میں 2افراد جاں بحق
ٹرالر اور موٹرسائیکل تصادم میں کمسن بچہ چل بسا، 2 بچے زخمی ہوئے آہنی سٹینڈ ٹائر میں پھنسنے سے درخت کو ٹکر،موٹرسائیکل سوار دم توڑ گیا
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور کے علاقوں موہلنوال اور مال روڈ پرٹریفک حادثات کے نتیجے میں کمسن بچے سمیت 2افراد جاں بحق جبکہ2بچے زخمی ہو گئے ۔پہلا حادثہ بدو پورہ موہلنوال میں پیش آیا جہاں ایک ٹرالر اور موٹر سائیکل کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجےمیں ایک کمسن بچہ موقع پر ہی چل بسا جبکہ 2 بچے شدید زخمی ہوئے۔ ریسکیو ٹیموں نے دونوں زخمی بچوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔دوسرا حادثہ مال روڈ پر پی سی ہوٹل کے سامنے پیش آیا، ٹریفک پولیس ترجمان کے مطابق موٹر سائیکل پر دو نوجوان سوار تھے ،پیچھے بیٹھے نوجوان نے آہنی سٹینڈ پکڑ رکھا تھا جو اچانک موٹر سائیکل کے ٹائر میں پھنسا اور موٹر سائیکل بے قابو ہو کر سڑک کنارے درخت سے جا ٹکرائی۔ حادثے کے نتیجے میں پیچھے بیٹھا نوجوان عارف موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ موٹرسائیکل چلانے والا نوجوان زخمی ہوا، جسے ریسکیوٹیم نے سروسز ہسپتال منتقل کر دیا۔پولیس نے دونوں حادثات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔