فیفاورلڈکپ: میکسیکو ناک آئوٹ مرحلے میں جانیوالی پہلی ٹیم

فیفاورلڈکپ: میکسیکو ناک آئوٹ مرحلے میں جانیوالی پہلی ٹیم

گروپ اے میں میکسیکو 2 میچ جیت کر 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ،کینیڈا نے قطر کو 0-6 کے بڑے مارجن سے ہرا کر پہلی فتح سمیٹی لاس اینجلس میں کھیلے گئے میچ سوئٹزرلینڈ نے بوسنیا ہرزوگوینا کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر 3 پوائنٹس حاصل کئے

میکسیکوسٹی،وینکوور،لاس اینجلس،اٹلانٹا (سپورٹس ڈیسک )فیفا فٹ بال ورلڈکپ میں گزشتہ روز کھیلے گئے میچز میں میکسیکو نے جنوبی کوریا کو شکست دے دی اور ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی حاصل کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی،کینیڈا نے قطر کو شکست دیکر ایونٹ کی تاریخ کی پہلی فتح حاصل کرلی،سوئٹزر لینڈ نے بوسنیا کو شکست دیکر اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کی راہ ہموار کرلی، میکسیکو اور جنوبی کوریا کے درمیان میچ میکسیکو کے شہرگواڈالاجارہ میں کھیلا گیا جہاں میزبان ٹیم نے جنوبی کوریا کو ایک صفر سے شکست دی۔ میکسیکو کی جانب سے گول لوئس رومو نے کھیل کے 50 ویں منٹ میں کیا۔میکسیکو فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں جانے والی پہلی ٹیم ہے ، جس نے راؤنڈ آف 32 میں اپنی جگہ محفوظ کر لی۔گروپ اے میں میکسیکو 2 میچ جیت کر 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے ۔ادھر فیفا فٹ بال ورلڈ کپ میں کینیڈا نے قطر کو 0-6 کے بڑے مارجن سے شکست دے کر 3 قیمتی پوائنٹس کے ساتھ میگا ایونٹ کی تاریخ کی پہلی فتح بھی حاصل کرلی۔وینکوور میں کھیلے گئے میچ میں کینیڈا نے قطر کو آؤٹ کلاس کردیا۔ سوئٹزرلینڈ نے بوسنیا ہرزوگوینا کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر 3 قیمتی پوائنٹس حاصل کرلیے ۔لاس اینجلس میں کھیلے گئے میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے گول پر حملے کے باوجود برتری حاصل نہ کرسکیں۔وقفے پر مقابلہ صفر ، صفر سے برابر تھا۔دوسرے ہاف میں سوئٹزرلینڈ کے حملوں میں تیزی آئی جس کے نتیجے میں ان کے کھلاڑیوں نے انجری ٹائم سمیت 23 منٹ میں 4 گول داغ دئیے ۔ بوسنیا کے ایک کھلاڑی موہاری مووچ کو ریفری نے ریڈ کار ڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا جبکہ ان کی جانب سے واحد گول 93ویں منٹ میں محمک نے سکور کیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں