مریم نواز کا نواز شریف میڈیکل کمپلیکس میں7بڑے ہسپتال بنانے کا اعلان

مریم  نواز کا نواز شریف میڈیکل  کمپلیکس میں7بڑے ہسپتال بنانے  کا اعلان

سرجیکل آرتھو پیڈک اورچلڈرن ہسپتال فور کی منظوری ، ترقیاتی منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا جائزہ لیا گیا پنجاب میں ترقی کا سفر ہر صورت جاری رہے گا:وزیراعلیٰ ، ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کے لئے فوری اقدامات کرنے کا حکم

لاہور (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں متعدد بڑے طبی منصوبوں کی منظوری دے دی ہے ، جن میں انسٹیٹیوٹ آف سرجیکل آرتھوپیڈکس اینڈ میڈیکل ری ہیب، چلڈرن ہسپتال فور، پلاسٹک ری کنسٹرکٹیو سرجری اینڈ برن سنٹر، انسٹیٹیوٹ آف جینیٹک اینڈ بلڈ ڈیزیز، سنٹر آف ایکسیلنس نرسنگ اینڈ مڈوائفری، انسٹیٹیوٹ آف آپتھلمالوجی اور انفیکشن ڈیزیز ہسپتال شامل ہیں۔نواز شریف میڈیکل سٹی میں مجموعی طور پر 1519 بستروں پر مشتمل سات بڑے ہسپتال مرحلہ وار قائم کئے جائیں گے ۔مریم نواز نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کیلئے فوری اقدامات کرنے کا حکم دے دیا ہے اورمشکل صورتحال میں عوام کے بھرپور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں 110 مجوزہ ترقیاتی منصوبے پی پی پی ماڈل کے تحت زیر غور ہیں، جن میں روڈز، ٹرکنگ ٹرمینلز، بس سٹینڈز، ماڈل بازار اور فوڈ سٹریٹس شامل ہیں۔ پہلی بار سٹوڈنٹس ہاسٹلز کے منصوبے بھی پی پی پی کے تحت شروع کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا۔حکام کے مطابق چار منصوبے کامیابی سے فعال ہو چکے ہیں، 27 کی فزیبلٹی مکمل ہو چکی ہے جبکہ متعدد منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے ۔

پی پی پی فریم ورک میں چار بڑے سی ایم انیشی ایٹوز بھی شامل کیے گئے ہیں، جن میں ایف ایم ڈی پروڈکشن پلانٹ، ٹائم ٹریول پارک لاہور، شریمپ فارمنگ اور مائنز ٹو میٹل چنیوٹ منصوبہ شامل ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں ترقی کا سفر ہر صورت جاری رہے گا اور پی پی پی ماڈل کے ذریعے نجی شعبے کو ترقیاتی عمل میں مؤثر طور پر شامل کیا جا رہا ہے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کے نرخ میں نمایاں کمی پر وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے علاقائی صورتحال میں بہتری آنے پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا وعدہ پورا کیا۔ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مشکل وقت میں مؤثر اقدامات کے ذریعے ملک کو توانائی اور معاشی بحران سے بچایا،اب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مکمل فائدہ عوام تک ہر صورت پہنچنا چاہئے ، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بھی کمی آنی چاہئے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر معاونِ خصوصی برائے انسپکشن ٹیم شعیب مرزا نے سرگودھا کے مختلف علاقوں شاہپور، ساہیوال اور سلانوالی کا دورہ کیا۔انہوں نے مجالس، جلوسوں کے روٹس، سکیورٹی انتظامات، صفائی، لائٹنگ، طبی سہولیات، پینک بٹن سسٹم اور ٹریفک پلان کا جائزہ لیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں