ڈارکا عراقچی سے ٹیلیفونک رابطہ، کل مصر میں اہم اجلاس
ایم او یو پر مبارکباد، لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر اظہار تشویش
اسلام آباد (وقائع نگار)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایران کے وزیرِ خارجہ سید عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ، عباس عراقچی نے 30 ایرانی شہریوں کی وطن واپسی میں سہولت فراہم کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیاجبکہ اسحاق ڈار نے اسلامی جمہوریہ ایران کی قیادت، حکومت اور عوام کو امریکا کے ساتھ تاریخی ‘‘اسلام آباد مفاہمتی یادداشت’’ پر دستخط ہونے پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے مذاکرات کے اگلے مرحلے کے آغاز کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ عمل خوش اسلوبی سے آگے بڑھے گا اور مثبت نتائج کا باعث بنے گا۔دونوں رہنماؤں نے خطے میں حالیہ پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا اور لبنان میں اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔دریں اثنا دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کل 21 جون کو مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ہونے والے آر-4 ممالک کے وزرائے خارجہ کے چوتھے اجلاس میں شرکت کریں گے ۔اجلاس میں مصر، مملکتِ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے وزرائے خارجہ علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال اور امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق امور پر گفتگو کریں گے ۔آر-4 کے گزشتہ اجلاسوں کی بنیاد پر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقہ کار پر بھی غور کیا جائے گا۔