لاہور ہائی کورٹ میں 5نئے ڈیجیٹل سسٹمز کا افتتاح
لاہور (کورٹ رپورٹر)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے عدالتی کارکردگی، شفافیت اور انتظامی امور کوجدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے لاہورہائیکورٹ میں 5نئے ڈیجیٹل سسٹمز کا افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر چیف جسٹس جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ عدلیہ میں ڈیجیٹلائزیشن کا بنیادی مقصد عدالتی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے بروقت اور مؤثر استعمال کو یقینی بنانا ہے تاکہ سائلین کو انصاف کی فراہمی میں درپیش غیر ضروری تاخیر کا خاتمہ کیا جا سکے ۔ انصاف کی بروقت فراہمی عدلیہ کی اولین ترجیح ہے اور لاہور ہائیکورٹ عدالتی اصلاحات کے ذریعے ایسا ماحول قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے جہاں میرٹ، شفافیت اور مؤثر طرزِ حکمرانی کو فروغ حاصل ہو۔چیف جسٹس نے کہا کہ ڈیجیٹل اصلاحات سے نہ صرف عدالتی کارروائی اور مقدمات کے انتظام میں بہتری آئے گی بلکہ دفتری امور بھی زیادہ مؤثر، تیز رفتار اور شفاف ہوں گے ، جس کے نتیجے میں عوام کو بہتر عدالتی خدمات میسر آئیں گی۔تقریب کے دوران ایڈیشنل رجسٹرار آئی ٹی جمال احمد نے نئے ڈیجیٹل سسٹمز پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ متعارف کرائے گئے نظاموں میں سیکیور جوڈیشل کمیونیکیشن سسٹم، لاہور ہائیکورٹ کیوری مینجمنٹ سسٹم، پرکیورمنٹ مینجمنٹ سسٹم، یوٹیلٹی بلز مینجمنٹ اینڈ مانیٹرنگ سسٹم اور نوٹیفکیشن مینجمنٹ سسٹم شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سیکیور جوڈیشل کمیونیکیشن سسٹم عدالتی مراسلت کو محفوظ اور تیز رفتار بنائے گا، جبکہ کیوری مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے واٹس ایپ اور ای میل پر موصول ہونے والے استفسارات کو مرکزی طور پر مربوط کرکے ان کے بروقت ازالے کو یقینی بنایا جائے گا۔