لائیو اسٹاک شعبے کی جی این پی میں شراکت 14فیصد سے تجاوز
گوشت کی برآمدات بڑھ کر 51.1 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں، اوورسیز انوسٹرز چیمبر
کراچی(بزنس رپورٹر)اوورسیز انوسٹرز چیمبرکے مطابق سرکاری و معاشی اعداد و شمار کی روشنی میں لائیو اسٹاک کا شعبہ پاکستان کے زرعی سیکٹر کا 62.45 فیصد حصہ بناتا ہے جبکہ مجموعی قومی پیداوارمیں اس کی شراکت 14.64 فیصد تک پہنچ چکی ہے ۔ دوسری جانب سال 2015 میں گوشت کی برآمدات کا حجم جہاں 19 کروڑ 60 لاکھ امریکی ڈالر تھا، وہ مالی سال 2025 تک بڑھ کر 51 کروڑ 10 لاکھ امریکی ڈالر تک پہنچ گیا ہے تاہم یہ اضافہ اگرچہ مثبت سمت کی نشاندہی کرتا ہے ، تاہم عالمی منڈی میں پاکستان کا مجموعی حصہ اب بھی محدود تصور کیا جاتا ہے ۔ او آئی سی سی کی مزید تفصیلات کے مطابق حکومت نے آئندہ برسوں کے لیے گوشت کی برآمدات میں مزید اضافے کا ہدف مقرر کرتے ہوئے اسے 2028 تک تقریباً 70 کروڑ امریکی ڈالر تک لے جانے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ یہ ہدف اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ پاکستان صرف خام مال یا ابتدائی درجے کی مصنوعات کی برآمد سے آگے بڑھ کر ایک جدید، منظم اور ویلیو ایڈڈ گوشت کی انڈسٹری کی طرف منتقل ہو۔ ماہرین کے مطابق اصل چیلنج مقدار کا نہیں بلکہ معیار اور نظام کا ہے ،پاکستان کے پاس مویشیوں کی بڑی تعداد موجود ہونے کے باوجود یہ صلاحیت ابھی تک مکمل طور پر ایک جدید سپلائی چین میں تبدیل نہیں ہو سکی۔