آئندہ اجلاسوں میں وزارتوں کے سینئر افسران آئیں،سینیٹ کمیٹی

آئندہ اجلاسوں میں وزارتوں کے سینئر افسران آئیں،سینیٹ کمیٹی

نئے لاجز سینیٹرز کو الاٹ کریں اور اخراجات کی تفصیل پندرہ روز میں دیں،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد (سید قیصر شاہ) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی زیرِ صدارت سینیٹ ہاؤس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں متعلقہ وزارتوں کی جانب سے اعلیٰ سطح کی نمائندگی نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ آئندہ اجلاسوں میں تمام متعلقہ وزارتیں سینئر سطح کے افسران کی شرکت کو یقینی بنائیں۔اجلاس میں پارلیمنٹ لاجز کے 104 نئے رہائشی یونٹس کی تعمیر، پارلیمنٹ لاجز اور گورنمنٹ ہاسٹل کی مرمت و دیکھ بھال کے کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ منصوبے پر نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور سول و الیکٹریکل تعمیراتی کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں تاہم اراکین نے باقی ماندہ کاموں کی رفتار اور معیار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔چیئرمین سی ڈی اے نے کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کہ منصوبہ ستمبر 2026 تک مکمل کر لیا جائے گا۔کمیٹی نے سفارش کی کہ نئے تعمیر شدہ لاجز سینیٹرز کو الاٹ کیے جائیں اور اس معاملے کو دونوں ایوانوں کی قیادت کی باہمی مشاورت سے حل کیا جائے ۔ علاوہ ازیں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ پارلیمنٹ لاجز پر ہونے والے اخراجات کی لاج وار تفصیلات پندرہ روز کے اندر کمیٹی کو فراہم کی جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں