کرپٹ یا نااہل کسی کا بھی چہیتا ہو،ایکشن ہوگا:سہیل آفریدی
کسی بھی سطح پر کرپشن برداشت نہیں ہوگی، اسکے تمام راستے بند کیے جائیں 3ماہ بعد دوبارہ کارکردگی کا جائزہ ، ہدایات پر عمل کی بنیاد پر سزا جزا کا فیصلہ ہوگا
پشاور(آئی این پی )وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہاہے کہ کسی بھی سطح پر کرپشن برداشت نہیں ہوگی، کرپشن کے تمام راستے بند کیے جائیں،کرپٹ اور نااہل افسروں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے ، چاہے وہ کسی کے بھی چہیتے ہوں۔ وزیراعلیٰ نے نئے مالی سال کیلئے پالیسی واضح کر تے ہوئے کابینہ ارکان اور انتظامی سیکرٹریز کو اہم ہدایات جاری کردیں۔سہیل آفریدی نے کہا عوام مطمئن نہ ہوں تو اچھی سے اچھی پریزنٹیشن کا کوئی فائدہ نہیں،تمام وزرا ہر ماہ کم از کم7اضلاع کے دورے کریں، عوام میں جائیں اور مسائل کا فوری حل یقینی بنائیں۔
شکایات اور ازالے کا روزانہ جائزہ لوں گا، بروقت ازالہ نہ ہونے پر ذمہ داروں کیخلاف بھرپور کارروائی ہوگی، ہر محکمہ اپنا شکایات مرکزقائم کرکے وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل سے منسلک کرے ۔تمام محکمے ترقیاتی منصوبوں پر تیز رفتار عملدرآمد اور رواں مالی سال میں ڈی ایف سی سکیموں کی تکمیل یقینی بنائیں، نئی ترقیاتی سکیموں کیلئے واضح ٹائم لائنز مرتب کریں۔ تمام وزرا، مشیر اور محکموں کے سیکرٹریز باہمی رابطہ مضبوط بنائیں اور فیصلے مشاورت، میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر کریں،3ماہ بعد دوبارہ کارکردگی کا جائزہ لیا جائیگا، ہدایات پر عملدرآمد کی بنیاد پر سزا و جزا کا فیصلہ ہوگا۔