گلگت بلتستان حکومت 100روزہ پلان تیار کرے :بلاول

 گلگت بلتستان حکومت 100روزہ پلان تیار کرے :بلاول

چیئرمین پیپلزپارٹی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس گلگت بلتستان میں اہم اجلاس حقِ ملکیت بارے قانون سازی پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنائیں:رہنماؤں کو ہدایات

 گلگت (دنیا نیوز)چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کی نومنتخب حکومت کو ہدایت کی ہے کہ گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے 100 روزہ پلان تیار کیا جائے اور عوام کے درمیان رہ کر حکومت چلائیں۔یہ ہدایات انہوں نے اپنی زیرِ صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے منعقدہ اہم اجلاس کے دوران جاری کیں۔اس موقع پر گلگت بلتستان کے پہلے گورنر قمر زمان کائرہ، نومنتخب وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ اوردیگر پارٹی رہنما و عہدیدار بھی موجود تھے ۔اجلاس میں پارٹی عہدیداروں نے چیئرمین پیپلزپارٹی کو گلگت بلتستان میں انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانے کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح بنائیں ، ترقی کیلئے 100 روزہ جامع منصوبہ تیار کر کے مقررہ مدت کے بعد اس پر عملدرآمد کی کارکردگی رپورٹ پیش کی جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حقِ ملکیت سے متعلق قانون سازی پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور حقِ حاکمیت کے حوالے سے گلگت بلتستان اسمبلی کے پہلے اجلاس میں قرارداد پیش کی جائے ۔انہوں نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے بھی فوری طور پر گراؤنڈ ورک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں