پاکستان کشیدگی کم کرنے کیلئے متحرک اسحاق ڈار کا ایران اور سعودیہ سے رابطہ

پاکستان کشیدگی کم کرنے کیلئے متحرک  اسحاق ڈار کا ایران اور سعودیہ سے رابطہ

اسلام آباد، تہران (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے مشرقِ وسطیٰ اور خطے کی تیزی سے بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور فر یقین پر زور دیا کہ وہ کشیدگی میں کمی، تحمل اور ضبط کا راستہ اختیار کریں۔

وزارت خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ جون 2026 کی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو)کے مطابق تنازعات کے حل، پائیدار امن اور خطے میں استحکام کے قیام کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہیں۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کی جانب سے اپنا تعمیری کردار جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے بھی ملاقات کی، جس میں علاقائی صورتحال، امن و استحکام اور کشیدگی کے خاتمے کیلئے سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے مکالمے اور سفارت کاری کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششوں کو مزید مضبوط بنانے اور پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا اور مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔دریں اثنا اسحاق ڈار سے برطانیہ کے رکن ایوانِ بالا لارڈ عامر سرفراز نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات، برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل اور برطانیہ کی بدلتی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی، خصوصاً ممتاز پارلیمنٹرینز، دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور مستقبل میں بھی اپنا تعمیری کردار جاری رکھیں گے ۔دوسری طرف پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ واقعات کے باعث علاقائی کشیدگی میں مزید اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان خطے کے تمام برادر ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتا ہے ۔پاکستان نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں، کشیدگی میں فوری کمی کیلئے اقدامات کریں اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت کئے گئے اپنے وعدوں کی پاسداری کریں۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے حصول کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے عزم پر قائم ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں