38 فلسطینی طلبہ کوBDSکی ڈگریاں مل گئیں، گریجوایشن تقریب

38 فلسطینی طلبہ کوBDSکی ڈگریاں مل گئیں، گریجوایشن تقریب

فلسطین کی بحالی تک نوجوانوں کی تعلیمی و اخلاقی سرپرستی جاری رکھیں گے :ڈاکٹر حفیظ الرحمن پاکستان ہمارا دوسرا گھر، یہاں ملنے والی محبت ،تحفظ نے ہمت بندھائے رکھی:ڈگری ہولڈرز

لاہور (سیاسی نمائندہ)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے تعاون سے زیرتعلیم 38 فلسطینی طلبہ نے بیچلرز آف ڈینٹل سرجری (BDS)کی ڈگریاں مکمل کر لیں۔ اس سلسلے میں پروقار گریجوایشن تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں فلسطینی طلبہ کی استقامت، عزم اور بے مثال تعلیمی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ الخدمت فاؤنڈیشن اور یونیورسٹی آف لاہور کے اشتراک سے 38 فلسطینی طلبہ کو بیچلرز آف ڈینٹل سرجری کی اسناد اور ڈینٹل کٹس دی گئیں جبکہ ایک سالہ کلینیکل ہاؤس جاب مکمل کرنیوالے 13 فلسطینی ڈاکٹرز کو انٹرن شپ اسناد سے بھی نوازا گیا۔ تقریب میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن، پاکستان میں فلسطین کے سفیر ڈاکٹر زوہیر محمدحمداللہ زید، نائب صدر الخدمت ایئر مارشل (ر)ارشد ملک، چیئرمین بورڈ آف گورنرز یونیورسٹی آف لاہور اویس رؤف، پرنسپل میڈیکل ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر مہوش عروج، اساتذہ اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے خطاب میں کہا غزہ میں جاری شدید جنگ، نقل مکانی اور غیر معمولی حالات کے باوجود ان نوجوانوں کی کامیابی عزم، استقامت اور امید کی روشن علامت ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن نے فلسطینی طلبہ سے کیا گیا اپنا وعدہ نبھایا ۔ حکومتِ پاکستان اور قاہرہ میں پاکستانی سفارتخانے کے تعاون سے ان طلبہ کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ممکن ہوا۔ فلسطین کی مکمل بحالی اور وہاں کے معماروں کی تیاری تک الخدمت ہر ممکن سرپرستی جاری رکھے گی۔ الخدمت فلسطنی سکالر شپ پروگرام کے تحت اس وقت پاکستان میں 450 سے زائد اور قاہرہ میں 38 فلسطینی طلبہ زیر تعلیم ہیں۔پاکستان میں فلسطین کے سفیر ڈاکٹر زوہیر حمداللہ نے الخدمت فاؤنڈیشن اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتے کہا پاکستان نے فلسطینی طلبہ کو اپنے بچوں کی طرح آغوش میں لیا۔ یہ نوجوان ڈاکٹر اب غزہ کے زخمی اور بیمار عوام کی خدمت میں کلیدی کردار ادا کرینگے ۔احمد عطااللہ جبر ودیگرفلسطینی گریجوایٹس نے جذباتی انداز میں خیالات کا اظہار کرتے کہاپاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے ۔ یہاں ملنے والی شفقت اور اپنائیت نے ہمیں ٹوٹنے نہیں دیا۔ ہم اپنے وطن واپس جا کر اپنے مظلوم اور زخمی ہم وطنوں کا علاج کرینگے اور پاکستان کا یہ احسان کبھی نہیں بھولیں گے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...