بغیر اجازت دوسری شادی کرنے پر جرمانہ خلاف شریعت قرار
اسلام آباد (سید قیصرشاہ)سینیٹ کی مذہبی امور کمیٹی نے بغیر اجازت دوسری شادی پر جرمانے کوشریعت کے خلاف قرار دے دیا۔کمیٹی نے ڈی جی حج مکہ کی مدت ملازمت میں توسیع کی مخالفت کردی جبکہ بیک وقت 3 طلاقوں کو ایک تصور کیا جائے یا نہیں کے بارے میں اسلامی نظریاتی کونسل سے رائے طلب کر لی۔
جمعرات کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا ، اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر عطا الرحمٰن کی زیر صدارت ہونا تھا تاہم ان کی عدم شرکت کے باعث سینیٹر حافظ عبدالکریم نے اجلاس کی صدارت کی ۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے بھی خصوصی شرکت کی۔اجلاس میں اپوزیشن رکن سینیٹر علی ظفر کے مسلم فیملی قوانین 2024 بل میں ترامیم کا جائزہ لیا گیا۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کے مسلم فیملی قانون بل 2024 اور سینیٹر سرمد علی کے مسلم فیملی قانون بل 2026 پر بھی غور کیا گیا۔بل میں بغیر اجازت دوسری شادی کرنے پر خاوند پر جرمانے کو بڑھا کر پچاس ہزار روپے کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا، جس کی کمیٹی نے شدید مخالفت کی۔ سینیٹر ڈاکٹر عبدالکریم نے کہا کہ جب شریعت نے دوسری شادی پر کوئی پابندی نہیں لگائی تو قانون جرمانے کی بھی پابندی کیسے لگا سکتا ہے۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے بھی بغیر اجازت دوسری شادی پر جرمانے کی مخالفت کی ۔اجلاس میں نکاح فارم صرف فیملی کورٹ میں رجسٹرڈ ہونے کی ترمیم پر بھی بحث ہوئی۔ کمیٹی نے اس بل پر مزید غور کرنے کا فیصلہ کیا۔اجلاس میں بیک وقت تین طلاقوں کو ایک تصور کیا جائے یا نہیں، اس معاملے پر بھی بحث ہوئی۔ کمیٹی نے اس حوالے سے اسلامی نظریاتی کونسل سے رائے مانگ لی۔ اگر شادی شدہ خاوند اپنے بچے کی ولدیت سے انکار کر دے تو کیا ہوگا، اس سوال پر کمیٹی نے واضح کیا کہ خاندان کو بچانے کے لیے خاوند کے انکار کے باوجود بچہ اسی کا تصور ہوگا۔ بچے کا ڈی این اے کرانے کی بھی ضرورت نہیں ہوگی ۔کمیٹی نے چیف کمشنر سے اسلام آباد میں نکاح فارم میں ترامیم شامل نہ کرنے پر جواب طلب کیا۔
اجلاس میں پنجاب حکومت کی طرف سے متروکہ وقف املاک کی جائیدادوں پر قبضے پر کمیٹی نے تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ان جائیدادوں کا فیصلہ بورڈ آف ریونیو کرے گا۔ اس کے علاوہ ڈی جی حج مکہ عبدالوہاب سومرو کے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا گیا،سینیٹر ڈاکٹر عبدالکریم نے کہا کہ ڈی جی نے کام ٹھیک نہیں کیا، دو ہزار عازمین حج کی درخواستیں آئیں اور اب اس کو توسیع بھی دی جا رہی ہے ، اگر ڈائریکٹر جنرل حج اپنی مدت ملازمت میں توسیع کے خواہاں ہیں تو انہیں اب تک کی کارکردگی سے کمیٹی کو آگاہ کرنا چاہیے ۔ سینیٹر حسنیٰ بانو نے بتایا کہ رواں سال حج کوٹے کی 21 ہزار 860 نشستیں کم رہ گئیں جبکہ حج ادا کرنے والے پاکستانیوں کی جانب سے متعدد شکایات سامنے آئی ہیں۔وفاقی وزیر اور سیکرٹری مذہبی امور نے کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کہ حجاج کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا، تقریباً 21 ہزار حج کوٹے کی نشستیں ایڈجسٹ کی جائیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments