آزاد کشمیر حکومت سازی لیگی قیادت نے کل مری میں اجلاس طلب کرلیا
مظفرآباد (محمد اسلم میر) آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لئے مسلم لیگ (ن) کی سرگرمیاں تیز ہو گئیں ، پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے نئی حکومت کی تشکیل، پارلیمانی حکمت عملی اور وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار کے تعین کے لئے اہم مشاورتی اجلاس کل دن 11 بجے گورنر ہاؤس مری میں طلب کر لیا ۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کی صدارت مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کریں گے ۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر وزارتِ عظمیٰ کے لئے مضبوط امیدوار ہیں اور انہیں قائدِ ایوان منتخب کرانے کے لئے مشاورت جاری ہے ، ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر میں پارٹی کی انتخابی کارکردگی، پارلیمانی پوزیشن اور تنظیمی معاملات میں شاہ غلام قادر کے کردار کو فیصلہ سازی میں اہمیت دی جا رہی ہے ،پارٹی کی روایتی پالیسی کے مطابق بھی صدرِ جماعت کو قائدِ ایوان منتخب کرنے کی روایت رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق مری اجلاس میں حالیہ انتخابی نتائج، حکومت سازی کے لئے مطلوبہ سیاسی حمایت، آزاد ارکان اور دیگر جماعتوں سے روابط، پارلیمانی اکثریت کو یقینی بنانے کی حکمت عملی اور آئندہ سیاسی لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں گڈ گورننس، تعمیر و ترقی، روزگار، بنیادی سہولیات اور عوامی مسائل کے حل سے متعلق مجوزہ حکومتی ترجیحات پر بھی غور ہوگا۔ادھر ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں حکومت سازی، آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال، حالیہ انتخابات میں پارٹی کی کامیابی اور خطے کی تعمیر و ترقی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔شاہ غلام قادر نے اسحاق ڈار کو انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے میاں نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور مریم نواز شریف کی قیادت اور پارٹی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments