انسانی سمگلنگ، حوالہ ہنڈی مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم
وزیرداخلہ کا ایف آئی اے زونل آفس لاہور کا دورہ ،اجلاس کی صدارت کی پاسپورٹ دفترگوجرانوالہ بھی گئے ، قبل ازوقت چھٹی پر پورا عملہ معطل کر دیا
لاہور،گوجرانوالہ (اپنے کامرس رپورٹر سے ،آن لائن ،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گزشتہ روز ایف آئی اے زونل آفس لاہور کا دورہ کیا اور وہاں خصوصی اجلاس کی صدارت کی،انہوں نے زونل آفس اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا جائزہ لیتے ہوئے اسے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر داخلہ نے انسانی سمگلنگ اورحوالہ ہنڈی میں ملوث مافیا پر پکا ہاتھ ڈالنے کے احکامات دئیے اور کہا کہ انسانی سمگلنگ اورحوالہ ہنڈی مافیا کی پوری چین کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ اجلاس میں ملک بھر کے ائیرپورٹس پر امیگریشن کائونٹرز پر نصب پرانے کیمروں کو تبدیل کرکے جدید ترین کیمرے لگانے کی اصولی منظوری دے دی گئی جبکہ شکایات کے اندراج کیلئے پاک آئی ڈی ایپ کی خدمات حاصل کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ جرائم پیشہ گینگز کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن آپ کا کام ہے ،نتائج نظر آنے چاہئیں ۔ڈائریکٹر ایف آئی اے زونل آفس لاہور نے بریفنگ میں بتایا کہ ایک برس میں 1670 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔5 ہزار انکوائریز میں سے 4 ہزار انکوائریز نمٹائی گئیں،295 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ادھر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گوجرانوالہ میں ریجنل پاسپورٹ آفس کا گزشتہ روز اچانک دورہ کیا اور قبل ازوقت دفتر بنداور عملہ غائب ہونے پر تمام عملے کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیدیا اور کہا کہ شہری خدمات کی فراہمی پر کوتاہی برداشت نہیں،سٹاف کیخلاف سرکاری فرائض میں غفلت پرتادیبی کارروائی کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments