نئے صوبوں کامعاملہ محاذ آرائی نہیں مشاورت سے حل ہوگا:شجاعت

نئے صوبوں کامعاملہ محاذ آرائی نہیں  مشاورت سے حل ہوگا:شجاعت

اسلام آباد (نامہ نگار )صدر مسلم لیگ چودھری شجاعت حسین نے کہاہے نئے صوبوں کا معاملہ سیاسی محاذ آرائی نہیں قومی مشاورت سے حل ہونا چا ہئے ۔چودھری شجاعت حسین سے مسلم لیگ سندھ کے صدر آصف جمال، جنرل سیکرٹری آفاق خٹک نے ملاقات کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت کا کہنا تھا کہ سندھ کی ترقی اور محرومیوں کے خاتمے میں  مسلم لیگ کا تاریخی کردار ہے ، قومی اتفاقِ رائے اور مشاورت سے مسائل کا حل نکالا جائے ، عوام کو بہتر طرزِ حکمرانی، بنیادی سہولیات اور فوری انصاف فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ، نئے صوبوں کا فیصلہ سیاسی مفادات یا وقتی نعروں کے بجائے قومی مفاد میں کیا جائے ، عوام کو کس انتظامی نظام سے زیادہ سہولت مل سکتی ہے ، اصل سوال یہی ہے ، موثر، بااختیار اور مضبوط انتظامی یونٹس بھی انتظامی مسائل کا حل ہو سکتے ہیں،صدر مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل کر کے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کئے جا سکتے ہیں، سیاسی جماعتیں صف بندی کے بجائے مذاکرات کی میز پر بیٹھیں، قومی معاملات کو سیاسی انا سے بالاتر ہو کر دیکھنا ہوگا، مضبوط صوبے ، بااختیار ادارے اور مطمئن عوام ہی مضبوط پاکستان کی بنیاد ہیں ، اس موقع پر چودھری سالک حسین نے کہا سندھ کے کارکنوں اور عوام کے مسائل کے حل کے لئے نئی قیادت کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...