نوجوانوں کی تعلیم وتربیت میں اساتذہ کاناقابل فراموش کردار:وزیراعظم

نوجوانوں کی تعلیم وتربیت میں اساتذہ کاناقابل فراموش کردار:وزیراعظم

حکومت اساتذہ کی معیاری پیشہ ورانہ تربیت کیلئے پرعزم :شہبازشریف،یوسف گیلانی اساتذہ کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کی ضرورت :ایازصادق، عالمی یوم اساتذہ پرپیغامات

اسلام آباد(نامہ نگار،اپنے رپورٹرسے ) وزیراعظم شہباز شریف نے اساتذہ کے عالمی دن پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر میں پاکستان اور دنیا بھر میں مستقبل کے معمار نوجوانوں کی تعلیم و تربیت جیسے مقدس فرض پر مامور اساتذہ کو دلی خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔ اساتذہ نوجوانوں کی انفرادی تربیت، شخصی صلاحیتوں کو نکھارنے اور علم و معلومات کے اضافہ میں نا قابل فراموش کردار کی حیثیت رکھتے ہیں۔حکومت اساتذہ کی معیاری پیشہ ورانہ تربیت، جدید تعلیمی وسائل اور سازگار ماحول کی فراہمی کیلئے پُرعزم ہے ۔ اسلام آباد میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ایکسیلنس اِن ٹیچر ایجوکیشن کا قیام اسی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔

علاوہ ازیں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ملک بھر کے اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اساتذہ پاکستان کی فکری، سماجی اور معاشی ترقی میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں۔ عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے اساتذہ کو جدید تعلیمی وسائل، مسلسل پیشہ ورانہ تربیت اور سازگار ماحول فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ وہ نئی نسل کو مستقبل کے مواقع اور چیلنجز کے لیے مؤثر طور پر تیار کر سکیں۔ دریں اثناسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اساتذہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم یافتہ، باشعور اور مہذب معاشرے کی تشکیل میں اساتذہ کا کردار مرکزی حیثیت رکھتا ہے ، انہوں نے اساتذہ کی خدمات کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھنے اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...