شناختی کارڈ ہی میڈیکل ریکارڈ نمبر ہوگا، ون پیشنٹ منصوبہ تیار

شناختی کارڈ ہی میڈیکل ریکارڈ نمبر ہوگا، ون پیشنٹ منصوبہ تیار

مریض کا طبی ریکارڈ ایک شناخت کے تحت محفوظ، مختلف ہسپتالوں میں دستیاب ہوگا مصطفی کمال اور شزا فاطمہ کی زیرصدارت اجلاس ،‘ون پیشنٹ، ون آئی ڈی’ کا جائزہ

اسلام آباد (نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفی کمال اور وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ کی صدارت میں ‘‘ون پیشنٹ، ون آئی ڈی’’ منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں منصوبے کو جلد فعال کرنے کے لیے لائحہ عمل طے کیا گیا۔سید مصطفی کمال نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت یونیورسل میڈیکل ریکارڈ (UMR) کا کوئی مرکزی ڈیٹا موجود نہیں، منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ منصوبے کے تحت ہر شہری کا قومی شناختی کارڈ نمبر ہی منفرد میڈیکل ریکارڈ (MR) نمبر ہوگا۔ اس طرح مریض کا طبی ریکارڈ ہسپتالوں میں بکھرنے کے بجائے ایک ہی شناخت کے تحت محفوظ رہے گا اور ہسپتال تبدیل ہونے کی صورت میں سابقہ طبی تاریخ دستیاب ہوگی۔شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ میڈیکل ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن سے ملک کا طبی نظام جدید اور شفاف بنے گا۔ اجلاس میں منصوبے کے موثر نفاذ کے لیے قواعد و ضوابط (T.O.R) مرتب کرنے اور تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ خامیوں کی نشاندہی اور اصلاحات ممکن ہوسکیں۔سید مصطفی کمال نے ہدایت کی کہ گزشتہ 14 سے 15 ماہ سے زیر بحث مسائل کو فوری طور پر دستاویزی شکل دی جائے اور متعلقہ ادارے تاخیر کے بغیر اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ اجلاس میں وزارت صحت میں خصوصی آئی ٹی ونگ فعال کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ منصوبے پر طریقہ کار کے تحت تیزی سے عملدرآمد ہوسکے اور اسے حتمی شکل دی جاسکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...