پختونخوا میں دہشتگردی ہر قیمت پر روکنا ہوگی:وزیر اعظم
انتونیو گوتریس کی ملاقات ، دہشت گردی ،افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال اصلاحات جائزہ اجلاس ، ایم ایل ون کیلئے ریلوے اراضی بروئے کار لانیکی منظوری
اسلام آباد( نامہ نگار ، اے پی پی ،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف خیبر پختونخوا کے عوام کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، خیبر پختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کو ہر قیمت پر روکنا ہوگا ، وزیراعظم سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ملاقات کی، وزیر اعظم نے سیکرٹری جنرل کی عالمی امن کے لئے خدمات کو سراہتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا اور سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارتی یک طرفہ فیصلے کو غیرقانونی قرار دیا،وزیراعظم نے مؤثر، جامع اور نمائندہ اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے وقت میں جب کثیرالجہتی نظام کو اہم چیلنجز درپیش ہیں، اقوام متحدہ کا مؤثر کردار مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے ۔
وزیراعظم نے اس امر پر بھی زور دیا کہ ایک پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے ، افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی اور افغان سرزمین پر دہشت گرد گروپس کی موجودگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان گروہوں کے خلاف ٹھوس اور قابل تصدیق اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ، انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ اور عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی دیرینہ خدمات کو سراہا، جن میں اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کا اہم کردار اور سلامتی کونسل میں اس کی تعمیری شمولیت شامل ہے ۔وزیراعظم سے وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی، ملاقات میں آزاد کشمیر ،گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران شہبازشریف نے کہا کہ ہماری خواہش ہے خیبر پختونخوا میں بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح ترقی ہو، وفاقی وزیر نے وزیراعظم کو آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں جاری امور اور پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔
دریں اثنا وزیراعظم کی زیر صدارت پاکستان ریلوے میں اصلاحات سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا ، وزیر اعظم نے ریلوے کی اراضی کو ایم ایل ون کی تعمیر کے لئے بروئے کار لانے کی منظوری دیدی ، جس میں ایم ایل ون منصوبے ، ریلوے کی اراضی کے استعمال اور ادارے کی مالی و انتظامی بہتری سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا، وزیراعظم نے ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن پر تیزی سے کام کرنے اور پاکستان ریلوے میں کارپوریٹ طرز پر اصلاحات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے کی اربوں روپے مالیت کی نشاندہی شدہ اراضی پر کمرشل منصوبوں کے ذریعے بینکوں کی فنڈنگ حاصل کی جائے ،اور اس کو بروئے کار لاتے ہوئے ایم ایل ون کی تعمیر عمل میں لائی جائے ، وزیراعظم نے ریلوے کی قبضہ شدہ زمینوں کی نشاندہی اور ان کی واگزاری کے حوالے سے چیئرمین نیب کی سربراہی میں نیب اور وزارت ریلوے کی ٹیموں کی کاوشوں کو سراہا۔ دریں اثنا ہاؤسنگ، چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار اور زرعی شعبے کو قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے دیگر صوبوں کو پنجاب کی طرز پر اراضی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بینکوں کے لیے ہاؤسنگ قرضوں کی فراہمی میں آسانی اور شفافیت آئے گی ، علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے 8 اکتوبر 2005 کے تباہ کن زلزلے کی مناسبت سے منائے جانے والے قومی یوم استقامت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ قوم آج بھی اس غیر معمولی تباہی کے نتیجے میں جانوں سے محروم ہونے والے اپنے پیاروں کو سوگوار دلوں کے ساتھ یاد کرتی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments