آبادی میں تیز اضافہ صحت، تعلیم روزگار کیلئے بڑا چیلنج:وزیر خزانہ
بینکاک، اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں آبادی میں تیزرفتار اضافہ صحت، تعلیم اور روزگار کیلئے بڑا چیلنج ہے ، معاشی استحکام کا تسلسل برقراررکھنے اور پائیدارو برآمدات پر مبنی نمو کی جانب پیش رفت کیلئے ٹیکس نظام، توانائی، سرکاری ملکیتی اداروں اور عوامی مالیات کے شعبوں میں اصلاحات کا تسلسل ضروری ہے۔
عالمی بینک کے زیراہتمام گول میز کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا آبادی، صحت، تعلیم اور روزگار کیلئے وفاق اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پیش رفت، کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری اور نجی پلیسمنٹ، پانڈا بانڈز اور یورو بانڈز کے اجرا کے ذریعے عالمی کیپٹل مارکیٹس تک پاکستان کی دوبارہ رسائی پر روشنی ڈالی۔ دریں اثنا محمد اورنگزیب نے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے علاقائی نائب صدر عماد فخوری سے ملاقات کے دوران ریکوڈک منصوبے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے منصوبے کی مالی معاونت میں بین الاقوامی مالیاتی کارپوریشن کے قائدانہ کردار کو سراہا۔ ملاقات میں پانی کے شعبے میں سرکاری و نجی شراکت داری، بجلی کی جدید میٹرنگ اور صوبائی منصوبوں کیلئے مالی معاونت کے مختلف طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محمد اورنگزیب نے مِٹیگیٹنگ سوورِن رِسکس اِن مارکیٹ ایکسیس کنٹریز کے موضوع پر منعقدہ پینل مباحثے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا محصولات میں اضافہ، ٹیکس انتظامیہ میں اصلاحات، اخراجات میں احتیاط اور نجکاری معاشی استحکام مضبوط بنانے کیلئے اہم اقدامات ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments