گندم کے ذخیرہ اندوزوں کو رعایت نہیں ملے گی:وزیر اعظم

گندم کے ذخیرہ اندوزوں کو رعایت نہیں ملے گی:وزیر اعظم

گندم کی قیمت کا اعلان صوبوں سے مشاورت کے بعد ہوگا:اجلاس سے خطاب قانونی ہجرت کے مواقع فراہم کئے جانے چاہئیں:کمشنر یورپی یونین سے گفتگو

 اسلام آباد (نامہ نگار،دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کسانوں کو مناسب معاوضہ اور صارفین کو سستی گندم کی فراہمی کی ہدایت کی ہے ۔ شہباز شریف کی زیرصدارت اسلام آباد میں قومی زرعی و غذائی تحفظ کونسل (این اے ایف ایس سی) کا پہلا اجلاس منعقد  ہوا، جس میں ملکی زراعت، غذائی تحفظ، کسانوں کو درپیش مسائل، گندم کی قیمت کے تعین اور زرعی و لائیو سٹاک کی برآمدات میں اضافے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اس شعبے میں ترقی پاکستان کی معیشت کو قلیل مدت میں ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ، گندم کی قیمت کے تعین کو اہم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گندم کی بوائی سے پہلے اس کی مناسب قیمت مقرر کرنا ضروری ہے تاکہ کسان فصل کی کاشت کے حوالے سے بہتر فیصلے کر سکیں اور انہیں اپنی محنت کا مناسب معاوضہ ملے ۔وزیراعظم نے کہا گندم کی قیمت کا اعلان صوبوں سے مشاورت کے بعد جلد کیا جائے گا۔شہباز شریف نے واضح کیا کہ ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے گندم وافر مقدار میں موجود ہے ، تاہم گندم کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے پنجاب میں کسانوں کی ترقی کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا ،سندھ میں بھی کسانوں کی ترقی اور انہیں ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لیے صوبائی حکومت کی کوششوں کو اہم قرار دیا۔اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز اور وزیر خوراک سندھ مخدوم محبوب الزمان نے اپنے اپنے صوبوں میں کسانوں کی ترقی، زرعی سہولیات اور شعبہ زراعت کی بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی ۔دریں اثنا یورپی یونین کے کمشنر برائے داخلی امور اور مائیگریشن میگنس برونر نے وزیر اعظم شہبازشریف سے ملاقات کی ،اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ غیر قانونی ہجرت کی روک تھام کے ساتھ محفوظ، منظم اور قانونی ہجرت کے عملی مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں، پاکستانی ہنر مند کارکنوں اور پیشہ ور افراد کے لیے قانونی راستے کھولنے سے یورپی ممالک کی لیبر مارکیٹ کی ضروریات پوری ہوں گی ،ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان ہجرت اور نقل و حرکت کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، میگنس برونر نے حکومت پاکستان کے اقدامات اور فراہم کردہ تعاون کو سراہتے ہوئے اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ کوششیں قانونی ہجرت کے راستے کھولنے اور پاکستان و یورپی یونین کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی لیبر موبلٹی کے فروغ میں مثبت کردار ادا کریں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...