مریم نواز کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا :عظمیٰ بخاری
لاہور (سٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰٰ پنجاب مریم نواز نے لیپ ٹاپ اور سکالرشپ سکیم کے دوسرے مرحلے کا آغاز کرکے نوجوانوں کی تعلیم، ترقی اور روشن مستقبل کیلئے ایک اور اہم قدم اٹھایا، مریم نواز کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔۔۔
قوم کے بچوں کا مستقبل ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور جدید ہنر سے وابستہ ہے ، کنٹینر، لانگ مارچ اور دھرنے ان کا مستقبل نہیں ۔اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز پنجاب کے بیٹوں اور بیٹیوں کی تعلیمی اور سماجی ضروریات کا خیال اپنے بچوں کی طرح رکھ رہی ہیں، مریم نواز کی بڑھتی مقبولیت اور کارکردگی سے خوفزدہ عناصر ہمیشہ ان پر ذاتی حملے کرتے ہیں، اخلاقیات اور تعلیمات کا درس دینے والے بھی بغضِ مریم میں مبتلا ہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مریم نواز نے عملی طور پر کارکردگی دکھائی ، اسی لیے انہیں عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے ،خیبرپختونخوا میں جعلی تبدیلی اور کھوکھلے نعروں کے سیاہ دور کا خاتمہ ہو چکا ، وہاں ایمرجنسی کی صورتحال کی ذمہ دار پاکستان تحریک انصاف ہے ۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاک فوج اور دیگر سکیورٹی ادارے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے دن رات قربانیاں دے رہے ہیں، ایسے وقت میں سکیورٹی اداروں کے خلاف غیر ذمہ دارانہ بیان بازی ہمارے بہادر جوانوں کا مورال گرانے کے مترادف ہے ، پوری قوم بہادر جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments