دو روزہ عالمی کانفرنس، دفاعی توازن جوہری خطرات کے چیلنجز پر غور
اسلام آباد ( خصوصی نیوز رپورٹر)سٹرٹیجک ویژ ن انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام دو روزہ بین الاقوامی اسلام آباد نان پرولفریشن کانفرنس کا آغاز ہوگیا، جس میں ملکی و غیر ملکی ماہرین جوہری سلامتی، دفاعی توازن اور عالمی اسلحہ کنٹرول کے چیلنجز پر غور کیا گیا۔
کانفرنس کے افتتاح پر تھنک ٹینک کے ایگز یکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر نعیم سالک نے ملکی و غیر ملکی مہمانوں کا خیرمقدم کیا ۔جبکہ ادارے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ناصر حفیظ نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد اور اہم موضوعات کا تعارف پیش کیا ،کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سرفراز ستار نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجیز جوہری خطرات میں اضافے اور اسلحہ کنٹرول کی کوششوں کے لیے نئے چیلنجز پیدا کر رہی ہیں، جبکہ بڑی طاقتوں کے مابین مسابقت عالمی سلامتی کے لئے تشویش ناک ہے۔نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے مشیر برائے ترقی لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد احمد قدوائی نے کہا کہ پاکستان کی فل سپیکٹرم ڈیٹرنس پالیسی دفاعی نوعیت کی ہے۔
جس کا مقصد ممکنہ جارحیت کی روک تھام اور جنوبی ایشیا میں تزویراتی استحکام برقرار رکھنا ہے ۔انہوں نے بھارتی جوہری آبدوزوں اور بیلسٹک میزائلوں سے متعلق پیش رفت پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں خطے میں غلط اندازوں اور جوہری کشیدگی کے خطرات بڑھا سکتی ہیں۔کانفرنس میں سات خصوصی نشستوں کے دوران جنوبی ایشیا میں دفاعی توازن، جوہری ڈیٹرنس، اسلحہ کنٹرول اور جوہری عدم پھیلاؤ کے مسائل کا جائزہ لیا جائے گا ، اختتامی تقریب سے جنرل (ر) زبیر محمود حیات خطاب کریں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments