کھاد کی مصنوعی قلت،ناجائز قیمتیں برداشت نہیں کرینگے :رانا تنویر
کھاد تیار کرنے والی کمپنیوں کیساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے ، خطاب
اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت ربیع سیزن کے دوران کھادوں کی وافر دستیابی، قیمتوں میں استحکام اور کاشتکاروں کے مفادات کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے ۔ مصنوعی قلت، ذخیرہ اندوزی اور قیمتوں میں بلاجواز اضافے کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔گندم پیدا کرنے والے علاقوں میں کھادوں کی فراہمی، قیمتوں اور ذخائر کی مسلسل نگرانی ہوگی۔منگل کو فرٹیلائزر ریویو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ یوریا اور ڈی اے پی سمیت ضروری کھادوں کی بروقت فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ رانا تنویر حسین نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کھادوں کی مارکیٹ میں نگرانی کا نظام مؤثر بنایا جائے اور کھاد تیار کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے تاکہ فراہمی میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں ہیرا پھیری کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ربیع سیزن میں خصوصاً گندم پیدا کرنے والے بڑے علاقوں میں کھادوں کی طلب اور دستیابی کی مسلسل نگرانی کی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments