ماضی میں میڈیکل کے نام پر پرفیوم تک خریدے گئے :آئینی عدالت
پی آئی اے سابق ملازمین کو دھتکار کر نہ رکھے :جسٹس حسن اظہر، جواب جمع کرانے کاحکم
اسلام آباد (حسیب ریاض ملک)وفاقی آئینی عدالت نے پی آئی اے کے ریٹائرڈ ملازمین کو طبی سہولیات کی فراہمی سے متعلق کیس میں قومی ایئرلائن کو جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا، جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیئے کہ ادارہ اپنے سابق ملازمین کو دھتکار کر نہ رکھے بلکہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر معاملے کو دیکھے ۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ میڈیکل سہولیات کے غلط استعمال نے اداروں کو نقصان پہنچایا ہے ۔ جو فراڈ کرتے ہیں ان کے خلاف بے شک سخت کارروائی کریں۔ ماضی میں میڈیکل سہولت کے نام پر پرفیوم تک خریدے جاتے رہے ہیں۔علاوہ ازیں وفاقی آئینی عدالت نے ہمدرد لیبارٹری کو ایوریج بل چارج کرنے کے معاملے میں لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے لیسکو کی اپیل خارج کر دی۔
کیس جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی، جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے اگر میٹر خراب تھا تو ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے ؟ میٹر تو لیسکو کی ملکیت ہے ۔ صارف پر میٹر میں ردوبدل کا کوئی الزام نہیں ۔لیسکو کے وکیل نے بتایا کہ فرنٹ اور بیک دونوں میٹر خراب تھے جس پر ایوریج بلنگ کی گئی۔ مزید برآں وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین خان اور جسٹس علی باقر نجافی پر مشتمل بینچ نے جونیئر کلرک کی اسامی کے امیدوار موسیٰ حیات کی درخواست منظور کرتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا۔عدالت نے قرار دیا کہ سرکاری ملازمتوں کیلئے مقرر کردہ اہلیت کی شرائط غیر مبہم ہونی چاہئیں اور بھرتی کے عمل میں تمام امیدواروں پر یکساں معیار لاگو کیا جانا چاہئے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments