اب سچ جھوٹ نہیں سننا، حکم پر عملدرآمد چاہیے :چیف جسٹس ڈوگر
ایک چیز نظر انداز کرتے ہیں تو دوسرا مسئلہ آجاتا:سی ڈی اے پر شدید برہمی کا اظہار عدالتی حکم پر عملدرآمد کیلئے 15روز کی مہلت، چیئرمین سی ڈی اے کی طلبی کا عندیہ رینجرز اہلکار کچلنے کے مقدمے میں ملزم کی ضمانت منسوخ، دوبارہ گرفتار کرنے کا حکم
اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے )چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہونے پر سی ڈی اے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 15 روز میں عدالتی احکامات پر عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی اور چیئرمین سی ڈی اے کو ذاتی حیثیت میں طلب کرنے کا عندیہ دیا۔ سی ڈی اے حکام کے خلاف توہین عدالت کیسز پر سماعت کے دوران ممبر اسٹیٹ سی ڈی اے زمان وٹو اپنے وکیل کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے ۔ عدالت میں غلط بیانی پر ممبر اسٹیٹ سی ڈی اے کا بیان حلفی توہین عدالت معاملے میں جمع کرایاگیا، چیف جسٹس نے کہا توہین عدالت کیس بعد میں دیکھیں گے پہلے مرکزی کیس دیکھتے ہیں،وکیل درخواست گزار نے کہا کیس عدالت میں زیر التوا ہے اور سی ڈی اے نے ہمیں آج ذاتی سماعت کیلئے بلایا ہے۔
چیف جسٹس نے کہا جب عدالت کا آرڈر آگیا تھا پھر سماعت کیوں کر رہے ؟ ہم ایک چیز نظر انداز کرتے ہیں تو آپ کا کوئی دوسرا مسئلہ آجاتا ہے ، جس نے بھی آرڈر کیا میری طرف سے اسے پھانسی دے دیں، مجھے اب سچ جھوٹ نہیں سننا عدالتی حکم پر عملدرآمد چاہیے ۔ علاوہ ازیں چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس شاہ رخ ارجمند پر مشتمل ڈویژن بینچ نے پی ٹی آئی کے 26 نومبر 2024 کے احتجاج کے روز سری نگر ہائی وے پر رینجرز اہلکاروں کو گاڑی کے نیچے کچلنے کے مقدمے میں ملزم ہاشم عباسی کی ضمانت منسوخ کرتے ہوئے دوبارہ گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ملزم کی درخواست ضمانت ٹرائل کورٹ کو بھیجتے ہوئے فریقین کو 25 نومبر کو پیش ہونے کا حکم دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments