سیاسی سلطنتیں ختم ، شہنشاہ کی چھوٹی بادشاہتیں نہ بنا ئیں:سعد رفیق
پہلے سیاسی انتقام ،بھوک ، ناانصافی اور دہشت گردی سے عوام کی جان چھڑائیں گلے سڑے بدبودار نظام کو چھوٹے صوبے بنا کر درست کرنیکی سوچ ناقابل فہم
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سیاسی سلطنتیں ختم ہونی چاہیں مگر ایسا نہ ہو کہ چھوٹی بادشاہتیں قائم کر دی جائیں اور ان پر شہنشاہ ایک ہی رہے ، ایسے ملک چلے گا نہ آگے بڑھے گا، عجلت سے گریز مناسب ہوگا،ایکس پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس گلے سڑے بدبودار نظام حکمرانی کو محض چھوٹے صوبے بنا کر درست کرنیکی سوچ ناقابل فہم ہے ، چھوٹے صوبے بنانا مثبت عمل ہے لیکن پیشگی بنیادی اصلاحات کیے بغیر اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، سب سے پہلے شفاف نمائندہ جمہوریت کے تقاضے پورے کریں، سیاست میں غیر جمہوری مداخلت اور پیسے والوں کی حکمرانی ختم کریں، تعلیم یافتہ مڈل کلاس کے لیے سیاست کرنے کا راستہ بنائیں، سول سروس اور عدالتی ریفارمز کریں،انہوں نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ بھوک، غربت، ناانصافی، دہشت گردی بنیادی حقوق کی پامالی، سیاسی انتقام اور غیر آئینی عوامل کا خاتمہ ہے ، ملک چلانا ہے تو پہلے ان مصائب سے قوم کی جان چھڑائیں، جلد بازی سے کام لیکر چھوٹے صوبے بنانے کا پراگریسو اقدام متنازعہ نہ بنایا جائے ، کیا کوئی قائل کرنیوالا یا ہونیوالا موجود ہے یا نہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments