سکیل اپ گریڈیشن ملازمین کالازمی حق نہیں:آئینی عدالت
اسلام آباد (کورٹ رپورٹر)وفاقی آئینی عدالت نے قرار دیا ہے کہ سرکاری ملازمین کی سکیل اپ گریڈیشن ان کا لازمی حق نہیں اور نہ ہی یہ کوئی خودکار عمل ہے ، متعلقہ پالیسی کی عدم موجودگی میں عدالت ملازمین کی اپ گریڈیشن کا حکم نہیں دے سکتی۔
عدالت نے ایف آئی اے ملازمین کی اپ گریڈیشن سے متعلق درخواستیں خارج کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ درست قرار دے دیا۔جسٹس علی باقر نجفی نے پانچ صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریر کیا جس میں قرار دیا گیا کہ پالیسی سازی کے معاملات انتظامی (ایگزیکٹو)اتھارٹی کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں،عدالتیں انتظامی پالیسی میں مداخلت نہیں کر سکتیں، البتہ بنیادی حقوق کی خلاف ورزی، غیر قانونی یا غیر آئینی اقدامات کی صورت میں پالیسی معاملات میں مداخلت کی جا سکتی ہے ۔فیصلے میں کہا گیا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے )ایکٹ 1974 کے تحت کام کرتا ہے ، مختلف سرکاری محکموں کے ملازمین کے گریڈز کا باہمی تقابل قانونی طور پر درست نہیں، محض دیگر محکموں میں بہتر گریڈز یا مراعات کی بنیاد پر ایف آئی اے ملازمین اپ گریڈیشن کا قانونی حق نہیں جتا سکتے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments