نئے صوبوں کی مخالفت پر آرٹیکل 6لگنا چاہیے :محمد علی درانی
لاہور(نیوز ایجنسیاں)سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات محمد علی درانی نے کہا ہے کہ آئین میں موجود شقوں کے تحت نئے انتظامی یونٹس اور صوبے بنانے کی مخالفت کرنے والوں پر آئین کے آرٹیکل 6کا اطلاق ہونا چاہیے ،اگر حکومتیں راستہ نہ دیں تو نئے انتخابات کے ذریعے عوام سے فیصلہ لیا جائے ۔
ایک انٹر ویو میں گفتگو کرتے ہوئے محمد علی درانی نے کہا کہ انتظامی یونٹس اور صوبوں کے درمیان بنیادی فرق کو سمجھنا ضروری ہے کیونکہ ڈویژنز، اضلاع اور تحصیلیں انگریز دور سے چلی آ رہی ہیں اور ان میں مسلسل اضافہ بھی ہوتا رہا ہے جس کی مثال پنجاب میں 18 کے قریب نئے اضلاع اور 5سے 6ڈویژنز کا قیام ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبہ اس آئینی یونٹ کو کہتے ہیں جس کے پاس اپنی قانون سازی کا اختیار، الگ انتظامی ڈھانچہ اور آئین میں طے شدہ حدود و اختیارات موجود ہوں۔ محمد علی نے کہا کہ اس وقت لاہور اور کراچی میں سازشوں کی دیگیں پک رہی ہیں اور تمام انتظامی و سیاسی وسائل کو بروئے کار لا کر نئے صوبوں کی راہ میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں۔
سیاستدانوں کی منفی چالوں کو کم تر نہیں سمجھنا چاہیے ۔ درانی نے کہا کہ 3 نئے صوبوں کے قیام کا تمام قانونی اور آئینی ہوم ورک مکمل ہے اور خود مسلم لیگ (ن)نے 2019ء میں بہاولپور اور جنوبی پنجاب صوبوں کے قیام کے لیے قانون سازی کی کارروائی جمع کرائی تھی، اس لیے پارلیمنٹ فوری طور پر قانون سازی کر کے ان صوبوں کا اعلان کر سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کسی خفیہ ڈیل کے قائل نہیں ہیں اور اپنا مقدمہ عدالتوں کے ذریعے لڑ رہے ہیں، جبکہ ان کی غیر موجودگی میں باہر موجود قیادت کی محدود تربیت کے باوجود وہ خود معاملات کو بہتر انداز میں دیکھ رہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments